اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی اپنے عہدوں سے مستعفی
اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ایوان میں آکر اپنے استعفیٰ کا اعلان کیا
اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے اپنے عہدوں سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ایوان میں آکر اپنے استعفیٰ کا اعلان کیا اور کہا کہ میں آئین کا اور اپنے عہدے کا حلف کا پابند ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میرے حلف کا اہم ترین مطالبہ ہے کہ پاکستان کی خودمختاری سالمیت کا تحفظ کروں۔
اسد قیصر نے یہ بھی کہا کہ میرے پاس دھمکی آمیز خط پہنچ گیا ہے، جسے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف بھی دیکھ سکتے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہم سب کو ملک کی خودمختاری کےلیے کھڑا ہونا ہوگا، اسپیکر کے عہدے پر مزید نہیں رہ سکتا، استعفا دیتا ہوں۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ میں آئین کا پابند ہوں، سپریم کورٹ کے فیصلے کو من و عن تسلیم کرتے ہوئے چیئرمین پینل اجلاس چلائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سردار ایاز صادق سے درخواست ہے کہ وہ آئیں اور لیگل عمل پورا کریں۔
اسپیکر اسد قیصر کے عہدے سے مستعفیٰ ہونے کے بعد سردار ایاز صادق کرسی پر بیٹھے اور ایوان کی کارروائی آگے بڑھائی۔