امپورٹڈ اور غیر آئینی طریقے سے بنائی گئی حکومت کو تسلیم نہیں کرتے
اسلام آباد: پی ٹی آئی نے مخصوص نشستوں پر خواتین اور اقلیتی ممبران کے نام واپس لے لئے ہیں۔
عمران خان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے مخصوص نشستوں پر خواتین اور اقلیتی ممبران کے نام واپس لیتا ہوں، ان ارکان کے کسی عمل کیلئے پارٹی ذمہ دار نہیں ہوگی۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے الیکشن کمیشن کو مراسلہ بھیجا ہے، جسے عمران خان کی جانب سے بابر اعوان نے الیکشن کمیشن میں جمع کرایا ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے، وفاق اور صوبوں میں پی ٹی آئی نے سب سے زیادہ ووٹ حاصل کیے، قومی اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر خواتین اور اقلیت ارکان کو نامزد کیا گیا۔
مراسلے کے مطابق غیر ملکی سازش کے باعث پاکستان میں حکومت تبدیل کی گئی، امپورٹڈ اور غیر آئینی طریقے سے بنائی گئی حکومت کو تسلیم نہیں کرتے، پی ٹی آئی 11 اپریل کو قومی اسمبلی کی تمام نشستوں سے مستعفی ہوچکی ہے، منحرف اراکین کے خلاف آرٹیکل 63 اے کے تحت کارروائی کیلئے ریفرنسز دائر کیے جاچکے ہیں۔
مراسلے میں عمران خان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے مخصوص نشستوں پر خواتین اور اقلیتی ممبران کے نام واپس لیتا ہوں، ان ارکان کے کسی عمل کیلئے پارٹی ذمہ دار نہیں ہوگی، پی ٹی آئی ارکان پارلیمنٹ سے مستعفی ہوچکے ہیں، پی ٹی آئی کے نام سے کسی رکن کو اپوزیشن لیڈر، کمیٹی کا رکن نامزد نہ کیا جائے، کسی بھی فورم پر پی ٹی آئی کا نام استعمال کرنے والے کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔