عوامی خدمت کے منصوبے جاری رہیں گے
اسلام آباد : مریم اورنگزیب نے احساس پروگرام اور پناہ گاہیں بند کرنے کی خبروں کو جھوٹ قرار دے دیا۔
مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ شہبازشریف نے وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد قومی اسمبلی میں پہلے خطاب میں واضح کیا تھا کہ عوامی خدمت کے منصوبے جاری رہیں گے۔ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام نہ صرف جاری رہے گا بلکہ اسے مزید توسیع دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو بچوں اور بچیوں کی تعلیم کا ذریعہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ احساس پروگرام اور پناہ گاہیں سمیت کوئی پروگرام بند نہیں ہوا، عوام کی بھلائی کے ہر منصوبے کو مزید بہتر بنائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نوازشریف کا شروع کردہ صحت کارڈ اسی طرح چلتا رہے گا، اسے مزید بہتر بنائیں گے۔ یہ جھوٹ وہ پھیلا رہے ہیں، جنہیں وزیراعظم کی کرسی اور کنٹینر پر جھوٹ بولنے کی عادت ہے۔ میڈیا سے بھی گزارش ہے کہ وہ ایسی بے بنیاد اطلاعات کو جگہ دینے سے اجتناب کرے۔
ترجمان نے کہا کہ اللہ تعالی کا شکر ہے کہ آج ملک میں ایک منتخب وزیراعظم ہے، جو عوام کا دکھ درد اور احساس رکھتا ہے، جو عوام کے لئے فراخ دلی اور اُن کی خدمت کا جذبہ رکھتا ہے، جو عوامی اور قومی سلامتی کے ایشوز کو اپنی سیاست کے لئے استعمال نہیں کرتا۔