ملک میں کہیں بھی لوڈ شیڈنگ نہیں کی جار ہی ، حکومتی دعویٰ
اسلام آباد : حکومت نے عید الفطر کے تینوں دن بجلی کی لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے
حکومت نے ملک میں بجلی کی لوڈشیڈنگ صفر ہونے کا دعویٰ کردیا ، ذرائع پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ بجلی کی طلب 20 ہزار جبکہ رسد بھی 20 ہزار میگا واٹ ہے۔
تفصیلات کے مطابق عید کی تعطیلات پر سرکاری دفاتر، صنعتیں بند ہونے پر حکومت نے ملک میں بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا دعویٰ کردیا۔
ذرائع پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ بجلی کا مجموعی شارٹ فال صفر ہوگیا، بجلی کی طلب 20ہزارجبکہ رسدبھی 20 ہزارمیگاواٹ ہے، ملک میں کہیں بھی لوڈ شیڈنگ نہیں کی جار ہی۔
ذرائع نے کہا کہ ڈھائی ہزار میگاواٹ سے زائد اضافی بجلی سسٹم میں شامل کردی ہے اور متعدد پاور پلانٹس کو مطلوبہ تیل اور گیس فراہم کر دی گئی ہے۔
دوسری جانب کراچی اور اندرون سندھ لوڈشیڈنگ جاری ہے ، جس کے باعث عوام پریشان ہیں ، شہریوں کا کہنا ہے کہ یکم مئی سے لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا وزیراعظم کا وعدہ وفا نہ ہوسکا،وزیراعظم وہی وعدہ کریں جو پورا بھی کریں۔
یاد رہے حکومت نے عید الفطر کے تینوں دن بجلی کی لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، اس سلسلے میں حکومت نے پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں سے بجلی کی طلب اور رسد کی تفصیلات طلب کرلیں ہیں۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ عید پر بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کے احکامات وزیر اعظم شہباز شریف نے دیے، لوڈ شیڈنگ نہ ہونے کو یقینی بنانے کے لیے تمام پاور جنریشن کمپنیوں کو مطلوبہ تیل اور گیس فراہم کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہے۔