لاہور : منحرف ارکان کے بل بوتے پر بننے والی حکومت کسی وقت بھی گر سکتی ہے
اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی نے جاری بیان میں کہا ہے کہ ضمانتوں پر بننے والی حکومت کے کوئی پاؤں نہیں ہیں۔ ان کے پاؤں جلد اکھڑ جائیں گے، یہ جہاں سے آئے ہیں وہی جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ میری دعا ہے کہ عمران خان کی قیادت میں پاکستان کو عالم اسلام میں وہ مقام ملے جو پاکستان حاصل نہیں کر سکا ہے۔ نیت ٹھیک ہو تو ہر کام میں اللہ کی برکت شامل ہو جاتی ہے۔ اللہ تعالی پاکستان کو اقوام عالم میں ممتاز مقام عطا فرمائے۔
ان کا کہنا تھا کہ بیرونی سازش اور مداخلت سے بننے والی حکومت کا کوئی مستقبل نہیں ہے۔ بیرونی اعتراف امریکہ سے بھی سامنے آ رہے ہیں۔ منحرف ارکان کے بل بوتے پر بننے والی حکومت کسی وقت بھی گر سکتی ہے۔
چوہدری پرویز الہٰی کا یہ بھی کہنا تھا کہ پنجاب میں پچیس منحرف ارکان کے ریفرنس میں نااہلی نوشتہ دیوار ہے۔ امید ہے الیکشن کمیشن ضمیر بیچنے والوں کو جلد از جلد نااہل کرے گا۔