آج گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر کی مدت ملازمت ختم ہو رہی ہے
اسلام آباد: حکومت کا گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر کی مدتِ ملازمت میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ
ایک بیان میں گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر نے اپنی 3 سالہ کارکردگی بیان کرتے ہوئے کہا کہ معاشی چیلنجز ہیں، پہلی بار کورونا میں ٹرف اسکیم، پےرول پیکیج اور اسپتال فنانسنگ فراہم کی۔
انہوں نے کہا کہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کے ذریعے اوورسیز پاکستانیوں کو ملکی بینکنگ شعبے سے منسلک کیا۔ راست کے ذریعے پہلا مفت ادائیگیوں کا نظام فراہم کیا اور کم لاگت گھروں کی فنانسنگ کو فروغ دیا۔
رضا باقر کا کہنا تھا کہ اپنی مدت ملازمت میں 4 وزراء خزانہ اور 5 فنانس سیکریٹریز کے ساتھ کام کیا جن کا شکرگزار ہوں۔
دوسری جانب وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ آج گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر کی تین سالہ میعاد ختم ہو رہی ہے، حکومت نے ان کی مدت ملازمت میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
Tomorrow Governor SBP Dr Reza Baquir’s 3-year expires. I have spoken to him and told him of the government’s decision. I want to thank Reza for his service to Pakistan. He is an exceptionally qualified man & we worked well during our brief time together. I wish him the very best.
— Miftah Ismail (@MiftahIsmail) May 3, 2022
مفتاح اسماعیل نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ رضا باقر کی پاکستان کے لیے خدمات کا شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں، میں نے ان سے بات کی اور انہیں حکومت کے فیصلے کے بارے میں بتایا ہے۔
وزیر خزانہ نے رضا باقر کے حوالے سے یہ بھی کہا کہ وہ ایک غیر معمولی قابلیت کے حامل انسان ہیں اور ہم نے اپنے مختصر وقت میں ساتھ کام کیا، ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔
سینئر ڈپٹی گورنر مرتضیٰ سید کو آج گورنر اسٹیٹ بینک کا چارج دیے جانے کا امکان ہے۔