بیرون ملک سازش کا ڈھونگ رچایا گیا ہے
اسلام آباد : مہنگائی کی بلند ترین سطح کی وجہ سے عمران خان کی پالیسیاں ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس میں کہا کہ جب اتحادی ساتھ چھوڑ گئے تو ان کو سازشی خط آیا ، بیرون ملک سازش کا ڈھونگ رچایا گیا۔
مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ سابق حکومت میں نالائقی، لوٹ مار کا بازار گرم تھا۔ ان کی ناقص پالیسیوں کا جائزہ لے رہے ہیں۔ مہنگائی کی بلند ترین سطح کی وجہ سے عمران خان کی پالیسیاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان معاشی بارودی سرنگیں بچا کر گئے ہیں۔ اب یہ تماشہ، الزامات کی گردان نہیں چلے گی۔ عمران خان کو آج بھی عوام کی بھلائی سے کوئی سروکار نہیں ہے۔ پہلے وہ لوٹ میں مصروف تھا اب فرح خان کے ترجمان بنے ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کا حکم تھا کہ اپوزیشن جیل سے باہر نہ رہے۔ 7 مارچ کو خط آیا اور27 مارچ کے جلسے میں لہرایا۔ جب اتحادی ساتھ چھوڑ گئے تو ان کو سازشی خط آیا۔ عمران خان کے جلسے فرح گوگی کو بچانے کا پروگرام ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ بیرون ملک سازش پر انکوائری کمیشن بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ کمیشن اس سازش کی تحقیقات کرے گا جو عمران خان کر رہے ہیں۔ انکوائری کمیشن آزادانہ اور منصفانہ طریقے سے معاملے کی تحقیقات کرے گا۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ کمیشن کا ایسا سربراہ مقرر کیا جائے گا، جس پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکے گا۔ کاغذ لہرا لہرا کر الزام لگانے والے سب کٹہرے میں آئیں گے۔ کمیشن کے ٹرمز اینڈ ریفرنس آئندہ کابینہ اجلاس میں رکھے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ 21 اکتوبر کو رپورٹ آئی کہ امریکہ سے فضائی حدود کے استعمال کا معاہدہ ہوگیا ہے۔ یہ اپنے اعمال ناموں پر ٹوئٹ کرکے دوسروں پر الزام لگا رہے ہیں۔ رپورٹ 21 کتوبر کی ہے جب ان کشمیر فروشوں کی حکومت تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ میرٹ نہ سمجھاؤ پاکستان کے عوام جانتے ہیں میرٹ کیا ہوتا ہے۔ یہ میرٹ نہیں ہوتا کہ فرح کو وزیراعلیٰ پنجاب پر مسلط کروْ کیا میرٹ یہ ہوتا ہے کہ ٹرانسفر اور تبدیلیاں فرح خان کو دیدو؟