Featuredپنجاب

آئندہ دنوں میں بہت بڑا فیصلہ ہونے جارہا ہے : عمران خان

اٹک:  جب تک زندہ ہوں، چوروں، ڈاکوؤں اور غلاموں کو قبول نہیں کروں گا

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا ہے کہ جیل جانے اور جان کی قربانی دینے کو تیار ہوں لیکن امریکی غلامی قبول نہیں ہے، ہمارے ملک میں فیصلہ کن صورتحال ہے، آئندہ دنوں میں بہت بڑا فیصلہ ہونے جارہا ہے۔

اٹک میں عوامی جلسہ سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ جب ہمیں سازش کا علم ہوا تو سازش روکنے والوں کو آگاہ کیا تھا کہ بڑی مشکل سے ملکی معیشت کو سنبھالا ہے، اگر حکومت گئی تو بڑا نقصان لیکن بدقسمتی سے کچھ نہیں کیا گیا اب چاہے جیل جاؤں یا جان چلی جائے لیکن امریکی غلامی قبول نہیں کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری کا نیب میں اصلاحات کا کہنا قیامت کی نشانی ہے، میں نے فیصلہ کیا ہے کہ یہ سیاست نہیں بلکہ جہاد ہے، یہ وقت ہماری حقیقی آزادی کی جنگ ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ جب تک زندہ ہوں، چوروں، ڈاکوؤں اور غلاموں کو قبول نہیں کروں گا، آصف علی زرداری، نواز شریف اور شہباز شریف کرپٹ سیاستدان ہیں، ان میں ایک کرپٹ وہ شخص بھی جو 30 برس سے اسلام بیچ رہا ہے۔

سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کون سا اتنا بڑا مسئلہ تھا جو سب نے ملک کر حکومت گرائی؟ سخت مشکلات کے باوجود ہماری حکومت نے ملک کو معاشی طور پر کھڑا کیا، تعمیراتی شعبے کو اہمیت دی اور ریکارڈ ایکسپورٹ کی، آمدنی سب سے زیادہ بڑھائی۔

عمران خان نے کہا کہ 20 تاریخ کے بعد مارچ کی کال دوں گا، کسی کو بھی کسی قسم کا خوف نہیں ہونا چاہیے، ہم ان کرپٹ سیاستدانوں کے خلاف بھرپور احتجاج کریں گے۔ عمران خان نے زور دیا کہ سرکاری اداروں کے ملازمین اور فوجی افسران اپنی فیملیز کو مارچ میں بھیجیں۔

 

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close