لاہور : شہباز شریف اور اس کے بیٹے پر منی لانڈرنگ، کرپشن کے کیسز ہیں ، شہباز شریف تمہیں پاکستان کی جیل میں ہونا چاہیئے۔
عمران خان نے لاہور بار کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملکی تاریخ ہے تحریک میں وکلاء شامل نہ ہوں تو کامیاب نہیں ہوتی ہے۔ قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال بھی وکیل تھے۔ تحریک پاکستان کو وکلا نے کامیاب کرایا تھا۔ میں لاہور بار کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ لاہور بار نے بہت زبردست اجتماع کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حقیقی آزادی کی تحریک میں وکلاء نے ساتھ دینا ہے۔ امریکا نے چوروں، لٹیروں کو مسلط کیا ہے۔ پاکستان کو خودمختار اور غیرت مند قوم بنانا ہے۔ جمعے کو ملتان جلسے میں اسلام آباد کی کال دوں گا۔ تمام وکلاء نے میرے ساتھ اسلام آباد جانا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت تبدیل کرکے لٹیروں کو مسلط کیا گیا ہے۔ شہباز شریف اور اس کے بیٹے پر منی لانڈرنگ، کرپشن کے کیسز ہیں۔ شہباز شریف تمہیں پاکستان کی جیل میں ہونا چاہیئے، غریب کیوں جائیں۔ ہم غلامی نامنظور کرتے ہیں۔ یہ لوگ مقدمات ختم کرانا چاہتے ہیں، اپنے ڈاکے کو این آر او دلانا چاہتے ہیں۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ آپ نے اپنے بچوں کیلئے اس ملک کو آزاد، خود دار قوم بنانا ہے۔ آپ میرے لیے نہیں اپنے اور بچوں کی حقیقی آزادی کے لیے نکلیں۔ ہمیں روکنے کے لیے ہر حربہ استعمال ہوگا اس لیے مجھے وکلاء کی ضرورت ہے۔