بہتری کا راستہ یہ ہے کہ فوری الیکشن کا اعلان کریں : اسد عمر
اسلام آباد: ہمارے دورمیں پیداواری سیکٹرمیں بہتری آئی،ملکی صنعت میں بھی تیزی سے اضافہ ہونا شروع ہوگیا تھا
اسد عمر کا کہنا ہے کہ ملک میں جو بہتری ہورہی تھی اسے ہلا کر رکھ دیا گیا، بہتری کا راستہ یہ ہے کہ فوری الیکشن کا اعلان کریں۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ہمارے دورمیں پیداواری سیکٹرمیں بہتری آئی، زراعت سیکٹرمیں 4.4 فیصد گروتھ ہوئی، نصف سے زیادہ آبادی کا تعلق زراعت سے ہے، ملکی صنعت میں بھی تیزی سے اضافہ ہونا شروع ہوگیا تھا، سروسز سیکٹر میں بھی 6.2 فیصد اضافہ ہوا تھا۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال اعدا و شمار کے مطابق 55 لاکھ روزگار کے مواقع پیدا ہوئے، روزگار کے اضافے کے دوران کورونا وبا بھی پھیلی ہوئی تھی، ن لیگ کے 5 سالہ دور میں 57 لاکھ روزگار میں اضافہ ہوا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس سال جب روزگار کے اعداد و شمار جاری ہوں گے تو مزید اضافہ نظر آئے گا، ہمارے دور میں معیشت کا پہیہ تیز سے تیز تر ہوتا چلا جارہا تھا، بند کمروں کی سازش، ضمیر فروشی کرکے حکومت کو گرایا گیا، آج انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر 200روپے پر پہنچ گیا، تاجر برادری ، سرمایہ کار سمجھتے ہیں غیر یقینی صورتحال زہر ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بہتری کا راستہ یہ ہے کہ فوری الیکشن کا اعلان کریں، ملک میں جو بہتری ہورہی تھی اسے ہلا کر رکھ دیا گیا، پورا پاکستان متحدہ ہے کہ جمہوری طریقہ ہونا چاہیئے، سیاسی افرا تفری، معاشی عدم استحکام نظر آرہا ہے یہ سب ختم ہوجائے گا۔