Featuredاسلام آباد
بھارتی حکومت کشمیری حقیقی نمائندوں کو نشانہ بنانے سے باز رہے
اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی عدالت کی طرف سے متعصبانہ مقدمے میں حریت رہنما یاسین ملک کی سزا کی مذمت کی ہے۔
ترجمان دفترخارجہ عاصم افتخار نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان بھارتی حکومت کی مقبوضہ جموں و کشمیر کےعوام کو ان کی حقیقی قیادت سے محروم کرنے کی ایک اور مکروہ کوشش کی شدید مذمت کرتا ہے۔
عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ کشمیری قیادت کے خلاف فرضی مقدمات سے مقبوضہ کشمیر کے تاریخی اور جداگانہ سیاسی اور ثقافتی تشخص کو نقصان پہنچانے کے مذموم بھارتی عزائم کی عکاسی ہوتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور کشمیریوں کے بنیادی حقوق غصب کرنے والا ملک ہے۔ بھارتی حکومت کشمیری حقیقی نمائندوں کو نشانہ بنانے سے باز رہے اور حبسِ بے جا میں رکھے گئے تمام سیاسی قیدیوں کو فی الفور رہا کرے۔