عمران صاحب جہاد نہیں فساد کر رہے ہیں : مریم اورنگزیب
اسلام آباد : گولیاں چلانے، جلاﺅ، گھیراﺅ کے رویے سیاسی نہیں ہیں۔
مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران صاحب جہاد نہیں فساد کر رہے ہیں، سیاسی سرگرمیوں اور لشکر کشی کے درمیان واضح لکیر کھینچنی ہوگی۔
وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے جاری بیان میں کہا ہے کہ ملک میں آج جو ہو رہا ہے، جو عوام دیکھ رہے ہیں اُس کے ذمہ دار صرف عمران خان ہیں۔ پی ٹی آئی عہدیداروں کے گھر سے اسلحہ کی برآمدگی سے عمران صاحب کے ارادے بے نقاب ہوگئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران صاحب جہاد نہیں فساد کر رہے ہیں۔ پاکستان میں خانہ جنگی کی سازش کی قیادت کر رہے ہیں، وہ ملک میں خانہ جنگی چاہتے ہیں اور اسلحہ کے زور پر اسلام آباد پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بندوق، بم اور گولہ بارود سے انتشار پھیلانے نہیں دیں گے۔ حکومت عوام کے جان ومال کا تحفظ یقینی بنانے کی پابند ہے۔ گولیاں چلانے، جلاﺅ، گھیراﺅ کے رویے سیاسی نہیں ہیں۔ سیاسی سرگرمیوں اور لشکر کشی کے درمیان واضح لکیر کھینچنی ہوگی۔