سابق حکومت کی پالیسیوں کے باعث آج مہنگائی کا سامنا ہے
اسلام آباد: حکومت اس وقت پیٹرولیم پر فی لیٹر 56 روپے سبسڈی دے رہی ہے، 15 دن میں 55 ارب روپے کا نقصان برداشت کر چکے ہیں۔
وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 30 روپے اضافہ کر رہے ہیں، لائٹ ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی 30 روپے اضافہ کر رہے ہیں۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت اس وقت پیٹرولیم پر فی لیٹر 56 روپے سبسڈی دے رہی ہے، 15 دن میں 55 ارب روپے کا نقصان برداشت کر چکے ہیں۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے معاشی صورتِ حال کے پیشِ نظر سخت فیصلہ لیا ہے، اس وقت ہمارے لیے ریاست کا مفاد عزیز ہے، سابق حکومت کی پالیسیوں کے باعث آج مہنگائی کا سامنا ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت کو فکس کیا، عوام پر کسی بھی قسم کا بوجھ ڈالنا ہمارے لیے مشکل فیصلہ تھا، عوام پر کچھ نہ کچھ بوجھ ڈالنا ناگزیر ہے، پیٹرول پر سبسڈی کا امیر اور غریب طبقہ دونوں فائدہ اٹھا رہے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھائے بغیر آئی ایم ایف قرض نہیں مل سکتا، قیمتوں کو بڑھانے کا درست فیصلہ کیا، دعا کریں کہ عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہوں، آئی ایم ایف کے پاس جانا ضروری ہے۔