نیب ترامیم کا مقصد پی پی اور ن لیگ کی اعلیٰ قیادت کو بچانا ہے : شاہ محمود قریشی
اسلام آباد: انہوں نے نیب قانون میں ترمیم سے خود کو این آر او 2 دیا ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ موجودہ ترامیم وہی ہیں جو ہمیں پیش کی گئی تھیں، ترامیم سے مستفید ملک کو بے دردی سے لوٹنے والی ایلیٹ کلاس ہے، انہوں نے اپنے مفادات کو محفوظ کیا ہے، نیب ترامیم کا مقصد پی پی اور ن لیگ کی اعلیٰ قیادت کو بچانا ہے، ترامیم یو این کے کرپشن کے خلاف معیار، فیٹف سے مطابقت نہیں رکھتیں۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ایف اے ٹی ایف پر قانون سازی سے متعلق ان سے مذاکرات ہوئے، بات ایف اے ٹی ایف کی قانون سازی پر ہونی تھی، انہوں نے نیب قوانین میں 35 ترامیم کا مسودہ تھمادیا، کہا کہ اس پرپیشرفت کریں، معاہدہ کریں تو فیٹف قانون سازی پر تعاون کریں گے۔
رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ حکومت میں شامل لوگوں کی منزل ایک نہیں، ایک غیر فطری قسم کا نظام ہے زیادہ دیر نہیں چل سکے گا، یہ لوگ عمران خان کو نیچا دکھانے کیلئے یکجا ہوجاتے ہیں، قوم کی خواہش ہے کہ کرپشن سے جان چھڑائی جائے، انہوں نے نیب قانون میں ترمیم سے خود کو این آر او 2 دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نیب قوانین میں ترمیم پر نوٹس لے، پی ٹی آئی نے نیب قوانین میں ترمیم کو چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے، پی ٹی آئی چاہتی ہے سپریم کورٹ معاملے پر سوموٹو نوٹس لے۔