لاہور: خواب دیکھنے پر کوئی پابندی نہیں ، عمران خان کو گرفتار کرنے کا خواب دیکھنے والے اپنی حکومت کی فکر کریں
اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہٰی کا اپنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ حکمران، عمران خان سے خوفزدہ ہیں، جعلی حکمران لانگ مارچ کو روکنے کیلئے ہر غیرقانونی کام کررہے ہیں، جھوٹے مقدمات درج کر انے سے تیاریوں میں کوئی فرق نہیں پڑے گا، عوام کے ساتھ ساتھ آئی ایم ایف کو بھی عارضی حکومت پر اعتبار نہیں ہے۔
چودھری پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے مہنگائی بم کی دوسری قسط جون میں آئے گی، عمران خان نے روس کے ساتھ 30 فیصد سستے تیل کا معاہدہ کیا تھا، اگر اس پر عمل کیا جاتا تو آج ڈالر آسمان سے باتیں نہ کر رہا ہوتا، مہنگائی کی وجہ سے ملکی معیشت تباہی کے دہانے پر کھڑی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو گرفتار کرنے کا خواب دیکھنے والے اپنی حکومت کی فکر کریں، خواب دیکھنے پر کوئی پابندی نہیں ہے، حکومت آج گری یا کل گری، حقیقی آزادی لانگ مارچ کی بھر پور تیاریاں جاری ہیں۔