کراچی: انتخابات اسی سال ہوں گے، عمران خان کو گرفتار کرنے کی کسی میں ہمت نہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ کراچی میں ہمارے علاوہ کوئی دوسرا جیت کر دکھائے، سندھ میں اگلی حکومت تحریک انصاف کی ہوگی، اگلے وزیر اعظم عمران خان ہوں گے۔
پی ٹی آئی رہنما علی زیدی کا نجی چینل ٹی وی پر گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سب کو لگ رہا ہے کہ سب جیت گئے، پاکستان میں او آئی سی کا اجلاس تاریخی دن تھا، عمران خان نے روس جاکر سستا تیل خریدنے کی بات کی، امریکا کو یہ سب پسند نہیں تھا اور موجودہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا۔
پی ٹی آئی سندھ کے صدر کا کہنا تھا کہ ملک کی موجودہ صورتحال نازک ہے، بلاول بھٹو غیر ملکی دورے کررہے ہیں، خود وزیراعظم بن گئے اور بیٹے کو وزیراعلیٰ بنادیا، وزیراعظم اربوں روپے خرچ کرکے غیر ملکی دورے کررہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پورا شریف خاندان چور ہے، بلدیاتی انتخابات ہونے والے ہیں اور ڈی سیز کو تبدیل کیا جارہا ہے، عمران خان پاکستان کے عوام کا سوچتے ہیں، مفتاح اسماعیل افغانستان سے منی لانڈرنگ کرتا ہے، ہمار ے دور حکومت میں ایکسپورٹ میں اضافہ ہوا، ہم نے 6 نئے ڈیمز کا آغاز کیا، عمران خان نے مسئلہ کشمیر پر عالمی فورم پر بات کی۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے کرپشن نہیں کی، کراچی میں ہمارے علاوہ کوئی دوسرا جیت کر دکھائے، سندھ میں اگلی حکومت تحریک انصاف کی ہوگی، اگلے وزیر اعظم عمران خان ہوں گے۔
علی زیدی کا کہنا تھا کہ عمران خان نے جو بات کی وہ ٹھیک کی، جمہوری لوگ الیکشن سے نہیں ڈرتے، عمران خان کے بیان کو غلط پیش کیا جارہا ہے، ہمیں الیکشن سے پہلے کسی نے ضمانت نہیں دی تھی، انتخابات اسی سال ہوں گے، عمران خان کو گرفتار کرنے کی کسی میں ہمت نہیں۔