پی ٹی آئی حکومت خودکش حملہ کرکے جاچکی ہے : شاہد خاقان
اسلام آباد: ہم نے ڈر اور خوف کے بغیر ملک کے مسائل کر حل کرنا ہے، ہم بتائیں گے 4 سال میں خرابیاں پیدا کرنے والا کون ہے۔
شاہد خاقان عباسی کا اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بجلی کے بحران پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں، لوڈشیڈنگ پر جلد قابو پالیں گے، کل سے لوڈ شیڈنگ ساڑھے 3 گھنٹے پر آجائے گی، 16 جون سے لوڈ شیڈنگ 3گھنٹے سے کم ہو جائے گی۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ 4 ہزار میگاواٹ کی کمی کا سامنا ہے جس کی وجہ سے لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے، پچھلی حکومت نے 4 سال تک عوام سے جھوٹ بولا، سابق حکومت نے کوئی نیا پلانٹ نہیں لگایا، سابق حکومت نے ایل این جی کیلئے کوئی نیا سودا نہیں کیا۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر حکومت کوئی ٹیکس نہیں لگارہی۔ کوتاہیوں، کرپشن، نالائقی کی لمبی داستانیں ہیں، ہم نے بہانہ نہیں کرنا عوام کی مشکلات میں کمی لانی ہے، بجلی کی طلب 25 ہزار میگاواٹ سے بڑھ چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت خودکش حملہ کرکے جاچکی ہے، پی ٹی آئی حکومت نے آئی ایم ایف معاہدے کو توڑا جو خود کش حملہ تھا، ہم نے ڈر اور خوف کے بغیر ملک کے مسائل کر حل کرنا ہے، ہم بتائیں گے 4 سال میں خرابیاں پیدا کرنے والا کون ہے۔