ان کو اس لیے ہم پر مسلط کیا گیا تاکہ ہمارا ملک کمزور ہو
اسلام آباد : دنیا میں کہیں بھی ملزم قاضی نہیں بن سکتا، دنیا میں کہیں ایسا ہوتا ہے کہ کوئی شخص اپنے کیسز خود ختم کروائے۔
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ ہمارا ملک جس طرف جا رہا ہے۔ اس کا فائدہ کس کو ہو رہا ہے؟ ان کو اس لیے ہم پر مسلط کیا گیا تاکہ ہمارا ملک کمزور ہو، سازش کرنے والے چاہتے ہیں کہ پی ٹی آئی اور پاک فوج کمزور ہو۔
تحریک انصاف کی نیشنل کونسل کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ کچھ دنوں میں ملک بھر میں احتجاجی تحریک کا اعلان کرنے جا رہا ہوں، چوروں کا ٹولہ ایک ساتھ اکٹھا ہو گیا ہے، لیکن عوام آپ کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان کے دو بڑے مسئلے ہیں پہلا لوڈشیڈنگ اور دوسرا پانی کا۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نے پہلے پارٹی الیکشن کروائے اس میں بہت مسائل رہے، دوسری مرتبہ بھی پارٹی الیکشن کا سسٹم صحیح طرح نہیں بنا، ہمیں جب بھی موقع ملا ہم پارٹی میں انتخابات کروائیں گے تاکہ پارٹی میں میرٹ ہو۔
عمران خان نے کہا کہ جس طرح کی آنسو گیس کی شیلنگ ہماری خواتین پر کی گئی اس کی کوئی مثال نہیں ملتی، مارشل لاء کے علاوہ کبھی ایسا نہیں ہوا جیسا پولیس نے 25 مئی کو کیا۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ پیٹرول پر چار روپے بڑھے تو بلاول نے مہنگائی مارچ کیا، ہم نے تو کسی کو نہیں روکا، ہم نے فیک نیوز کے علاوہ کسی چیز کو نہیں روکا، مثبت تنقید قوم کا اثاثہ ہوتی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ جو شخص ان کی ٹکٹ لینے کے لیے لائن میں کھڑا ہے اس کو اپوزیشن لیڈر بنا دیا گیا، ایک نا جائز کام کو جائز بنانے کے لیے تمام حربے استعمال کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دنیا میں کہیں بھی ملزم قاضی نہیں بن سکتا، دنیا میں کہیں ایسا ہوتا ہے کہ کوئی شخص اپنے کیسز خود ختم کروائے۔