لاہور: آئی جی پنجاب کو اسمبلی اراکین کے خلاف انتقامی کارروائیوں پر جواب دینا ہوگا
اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا ہے کہ پنجاب پولیس اسٹیٹ بن چکا ہے۔ حمزہ شہباز نہیں، آئی جی صوبہ چلا رہا ہے ، انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب پولیس کو ارکان کے خلاف انتقامی کارروائیوں پر جواب دینا ہوگا۔
پی ٹی آئی اور (ق) لیگ پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کا مشترکہ اجلاس ہوا، جس میں اپوزیشن نے پنجاب اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں بھرپور احتجاج کا بھی فیصلہ کیا ہے۔
اجلاس میں اپوزیشن ارکان کے خلاف مقدمات اور گرفتاریوں کی مذمت کی گئی۔
چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ ہماری خواتین ایم پی ایز نے بھی مرد ارکان کی طرح پولیس کے ہتھکنڈوں کا مقابلہ کیا، بادی النظر میں لگتا ہے آئی جی نے حمزہ شہباز کو اپنا پی اے رکھ لیا ہے، آئی جی کا معاملہ استحقاق کمیٹی میں آئے گا اسے سزا مل کر رہے گی۔
پاکستان تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ ضمنی انتخاب میں حکومتی ہتھکنڈوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔