کراچی : این اے 240 کے ضمنی انتخاب کے دوران لانڈھی 6 نمبر میں مختلف مقامات پر فائرنگ اور ہنگامہ آرائی کے واقعات میں ایک شخص ہلاک اور پی ایس پی رہنما سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے
فائرنگ کے دوران ریسکیو ادارے کی ایمبولنس پر بھی گولیاں لگی ہیں، جبکہ علاقے میں کاروبار بند کروادیا گیا۔
پی ایس پی رہنما انیس قائم خانی کی گاڑی پر بھی فائرنگ کی گئی، فائرنگ کے وقت پی ایس پی رہنما گاڑی میں موجود نہیں تھے۔
انیس قائم خانی نے دعویٰ کیا ہے کہ میری گاڑی پر 4 سے 5 افراد نے فائرنگ کی، گاڑی پر 4 گولیاں لگی ہیں، انہوں نے کہا کہ سابق ایم پی اے افتخار عالم کو بھی گولی لگی۔
پی ایس پی رہنما انیس قائم خانی کی گاڑی کے ساتھ چلنے والی پولیس موبائل پر بھی گولی لگی ہے۔
دوسری جانب سربراہ پاک سرزمین پارٹی کا کہنا ہے کہ ان پر تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے لوگوں نے فائرنگ کی، پارٹی کا ایک کارکن شہید ہوا ہے، ہمارے پاس ہتھیار ہوتے تو حملہ کرنے والے واپس نہیں جاسکتے تھے۔
مصطفیٰ کمال نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم یہاں بیٹھے ہوئے تھے، ٹی ایل پی کے لوگ آئے اور ہم پر اسٹریٹ فائر کیے۔
سربراہ پی ایس پی کا کہنا تھا کہ ہمارے 10 سے زیادہ لوگ زخمی ہیں، جس میں ہمارے مرکزی رہنما بھی ہیں۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ ہم نے تو کسی کو پلٹ کر پتھر بھی نہیں مارا، ہمارے پاس ہتھیار ہوتے تو ہم پر حملہ کرنے والے واپس نہیں جاسکتے تھے۔
سربراہ پی ایس پی کا کہنا تھا کہ جتھوں کے ساتھ آکر انہوں نے پی ایس پی پر حملہ کیا اور براہِ راست فائرنگ کی۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اس نازک صورتحال کو سنبھالیں۔