Featuredاسلام آباد

پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے کا آغاز ہو چکا ہے : حنا ربانی

اسلام آباد : ہم اپنی کوششیں جاری رکھیں گے ، اکتوبر تک گرے لسٹ سے نکلنے کا عمل مکمل ہوجائے گا۔

وزیر مملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر نے پاکستان کو فیٹف گرے لسٹ سے نکالنے کے معاملے پر پریس بریفنگ میں کہا کہ فیٹف کے معاملے پر آپ آگاہ ہیں۔ پاکستان کو دو ایکشن پلان دیئے گئے۔ پاکستان نے اپنی کارگردگی پر تین رپورٹس جمع کروائیں۔ پہلا الیکشن پلان تھوڑا لمبا عرصہ چلا۔ دوسرا ایکشن پلان جلد مکمل کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ خوشی ہے ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کو کلیئر کر دیا ہے۔ ایف اے ٹی ایف نے اپنے اجلاس میں پاکستانی اقدامات کا جائزہ لیا۔ دہشت گردوں کی مالی معاونت اور منی لانڈرنگ روکنے کیلئے اقدامات پر عمل سرفہرست تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جانب سے تمام شرائط پوری کرنے کی کوششوں کو تسلیم کرلیا گیا ہے۔ فیٹف نے کہا پاکستان نے دہشت گردوں کی مالی معاونت اور منی لانڈرنگ روکنے کیلئے محنت کی۔ پاکستان نے شرائط مکمل کرنے کیلئے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ فیٹف کے مطابق رکن ممالک کی جانب سے پاکستان کی کارکردگی کی تعریف کی گئی۔

وزیر مملکت نے کہا کہ پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے کا آغاز ہو چکا ہے۔ ایف اے ٹی ایف ٹیم پاکستان کا دورہ کر کے شرائط کی تکمیل کا مزید جائزہ لے گی۔ آن سائٹ ٹیم کے وزٹ کے بعد آفیشلی پاکستان کا نام گرے لسٹ سے خارج ہو جائے گا۔ امید ہے اکتوبر تک گرے لسٹ سے نکلنے کا عمل مکمل ہوجائے گا۔

حنا ربانی کھر کا کہنا تھا کہ اس میں شک نہیں کہ فیٹف کی شرائط مشکل تھیں اور پاکستان واحد ملک ہے، جسے شرائط پوری کرنے کے لیے دو ایکشن پلان پر بیک وقت عمل کرنا پڑا۔ اس کے لیے تمام اداروں نے دل جمی سے کام کیا۔ ایک مشکل اور پیچیدہ مرحلہ مکمل کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف معاملے پر جشن منانا قبل از وقت ہوگا۔ یہ اختتام نہیں آغاز ہے، ہم اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔ مشکل حالات میں ہم نے ایک قوم بن کر کام کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ گرے لسٹ سے نکلنا پاکستان کی معیشت کے لئے بھی اہم ہو گا۔ بیرونی سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔ پاکستان کے دوست ممالک نے بھی اس معاملے پر ہماری مدد کی۔ عالمی تناظر میں پاکستان کی ایک بڑی کامیابی ہے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ ہمیں اس وقت مثبت بات کرنی چاہیے۔ کس نے اچھی کارکردگی دکھائی، کس نے نہیں اس بات نہیں کرنی۔ سب نے پاکستان کے لیے کام کیا۔ میں پاکستان کو کریڈٹ دیتی ہوں۔ ہمیشہ اچھے کی امید اور مشکل کی تیاری کرنی چاہیے۔ پاکستان کو مستقبل کا سوچنا ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close