ہم سب محنت کرکے پاکستان کی معیشت کو مستحکم کریں گے
اسلام آباد : دن رات محنت کریں گے اور ہچکولے لیتی کشتی کو پار لگائیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ مل کر روکھی سوکھی کھانی پڑے گی، مشکل کے بعد آسانی آتی ہے
وزیراعظم شہبازشریف نے معاشی ٹیم کے اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہاہم فیصلوں پر اعتماد میں لینا چاہتاہوں، آج جو فیصلے کئے ہیں ان کے دو مقاصد ہیں ، بجٹ سے متعلق اہم فیصلے کئے ہیں۔
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ عوام پر مہنگائی کابوجھ کم کرنے کیلئے ریلیف فراہم کریں گے ، معیشت کو پچھلی حکومت نے اپنی ناتجربہ کاری ،کرپشن نے تباہ کیا، حقیقی طورپرجانتا ہوں کہ پچھلی حکومت کےدورمیں بدترین کرپشن ہوئی ، پچھلی حکومت کی وجہ سے معیشت دیوالیہ ہونے جارہی تھی لیکن ان فیصلوں کی مدد سے پاکستان اب دیوالیہ پن سے نکل آئے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہم سب محنت کرکے پاکستان کی معیشت کو مستحکم کریں گے ، بجٹ میں جو اعلانات کئے گئے اس کےمطابق آئی ایم ایف شرائط منظور ہوچکیں ، آئی ایم ایف سےمزید شرائط نہ آئیں تو امید ہے معاہدہ ہوجائے گا۔
انھوں نے بتایا کہ موجودہ حکومت نے جرات مندانہ فیصلےکئے ہیں ، پاکستان ان فیصلوں سے مشکلات سے نکلے گا، حکومت سنبھالنے کے بعد ہمارے پاس دو راستے تھے ، ایک راستہ تھا الیکشن سمیت دیگر ضروری اصلاحات کرکے الیکشن کی طرف جائیں، دوسرا راستہ یہ تھاکہ سخت فیصلے کریں اور ڈوبتی معیشت کو سنبھال لیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ پہلا راستہ آسان تھا کہ سیاسی ساکھ بچاکر عوام کو اندھے تھپیڑوں کے حوالے کردیں لیکن ضمیر کی آواز کہتی ہے یہ عوام اوراپنےساتھ زیادتی ہوگی،تاریخ معاف نہیں کرے گی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نوازشریف اور اتحادیوں کیساتھ ملکر فیصلہ کیا کہ سیاست نہیں ریاست بچائیں، نوازشریف سمیت تمام سیاسی قائدین نے اپنی ذات کو پاکستان کے مفاد کے تابع کردیا، دن رات محنت کریں گے اور ہچکولے لیتی کشتی کو پار لگائیں گے۔
انھوں نے مزید کہا کہ ہم نے اپنی ذات اور سیاست کو پاکستان کیلئے قربان کردیا ہے یہ ہمارا پہلا بجٹ ہے جو معاشی صورتحال مستحکم کرنے کیلئے ہے، یہ تاریخ کا پہلا بجٹ ہے جو غریب عوام کو مشکلات سے نکالنے اور غریب عوام کو غیرمعمولی حالات کی سختیوں سے بچانے کیلئے ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میرایمان ہے اللہ کی رسی تھام لیں تو مشکلیں آسان ہوجاتی ہیں، اس بجٹ میں جو اقدامات کئے وہ غریب کے کاندھوں سے بوجھ کم کرنے کیلئےہے، صاحب حیثیت افراد آگے بڑھیں اوراپنی دولت کا کچھ حصہ قوم کیلئے تقسیم کریں۔
وزیراعظم نے کہا کہ غریب آدمی نے قربانیاں دی ہیں آج صاحب حیثیت نے کرداراداکرنا ہے ، آج ایثار کرنے کی صاحب حیثیت کی باری ہے ، مجھے پوری امید ہے صاحب حیثیت افراد دل کی گہرائیوں سے ہاتھ بڑھائیں گے۔
معاشی پلان کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ہم نے بجٹ میں معاشی پلان دیاہے، جان لگائیں گے ،مہنگائی کو کنٹرول کریں گے اور پاکستان معاشی خودمختاری کی طرف آگے بڑھے گا، امیر ہو یا غریب بلاامتیاز سب کو ترقی کا موقع ملے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ مجھ سمیت سب شامل ہیں کہ 75سال کےباوجود پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیرنہ ہوسکا ، ہمیں یکسوئی کیساتھ اپنی تقدیربدلنی ہے ،مشکل کے بعد آسانی آتی ہے ، کبھی پھول کانٹوں کے بغیر پیدا نہیں ہوتا۔