لاہور: عوام کی مشکلات کا بھرپور احساس ہےعوام کو ریلیف دینا پہلی ترجیح ہے
حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ انشاءاللہ خدانے ہمت دی تو مفت ادویات، سستے آٹے اور مفت بجلی کے بعد عوامی ریلیف کے لئے مزید اقدامات بھی کریں گے۔
وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز شریف نے یہ گفتگو اراکین قومی وصوبائی اسمبلی سے ملاقات میں کی جس میں انھوں نے کہا عوام کی مشکلات کا بھرپور احساس ہےعوام کو ریلیف دینا پہلی ترجیح ہے اور ترجیح رہے گی۔
حمزہ شہباز نے اپنی گفتگو میں کہا کہ خدا کی مخلوق کی مشکلات میں کمی کے لئے مخلصانہ کاوشیں کر رہے ہیں،سیاست ہوتی رہے گی، اب ریاست بچانے کا سوال ہے۔
وزیر اعلی پنجاب نے مزید کہا کہ مفت بجلی کی فراہمی سے عام آدمی کو حقیقی معنوں میں ریلیف ملے گا ، مفت ادویات اور سستے آٹے کے بعد مفت بجلی کی فراہمی مسلم لیگ ن کی حکومت کا غریب پرور اقدام ہے،ہماری حکومت کا یہ اقدام عام آدمی کی مشکلات میں کمی لائے گا۔
وزیر اعلی نے کہا کہ صوبے کے 5 کروڑ 50 لاکھ افراد کو رواں ماہ سے مفت بجلی دی جائیگی،100یونٹ تک بجلی استعمال کرنیوالوں کا بل حکومت پنجاب ادا کریگی۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب روشن گھرانہ پروگرام کا آغاز رواں ماہ سے کیا گیا ہے،وزیر اعلی پنجاب روشن گھرانہ پروگرام کا اجراء عوام کو ریلیف کے لئے ہماری پرخلوص نیت کا عملی اظہار ہے،معیشت کو سنبھالنے کے ساتھ عام آدمی کو ریلیف دینے کیلئے تمام تر کاوشیں کی جا رہی ہیں۔
وزیر اعلی نے مزید کہا کہ نعرے نہیں لگاتے بلکہ وعدے نبھاتے ہیں اور عمل کر کے دکھاتے ہیں،مسلم لیگ ن کے تمام اقدامات کا محور عام آدمی کو سکھ دینا ہے۔
اس موقع پر اراکین اسمبلی نے پنجاب کے عوام کے لئے مفت بجلی کی فراہمی کے اعلان پر وزیر اعلی حمزہ شہباز کے تاریخ ساز اقدام کو سراہا