لودھراں : کراچی میں 14 سال سے ڈاکو بیٹھے ہوئے ہیں ، لاہور بھی بارش ہوئی ہے، لیکن پانی نہیں کھڑا ہوتا۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے لودھراں میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قوم کی توجہ کراچی پر دینے لگا ہوں۔ کراچی اوپر جاتا ہے تو ملک اوپر جاتا ہے۔ اس ملک میں دو بڑے ڈاکو ہیں، ایک زرداری اور دوسرا نواز شریف ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں 14 سال سے ڈاکو بیٹھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کبھی نہیں سوچا بارش کی تیاری کریں۔ سندھ کے نام پر سیاست کی اور چوری کر کے سارے پیسے باہر لے گئے۔ لاہور بھی بارش ہوئی ہے، لیکن پانی نہیں کھڑا ہوتا۔ ہم نے اربوں روپے لگا کر انڈر گراؤنڈ ٹینک بنائے، جہاں پانی جمع ہوتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہاں چوری کو برا نہیں سمجھا جاتا ہے۔ احسن اقبال کہتا ہے کرپشن ہوتی ہے۔ ن لیگی وزیر نے کہا اسمبلی کے ذریعے نواز شریف کے سارے کیسز ختم کر دو۔ میں نے ان چوروں کو سزا دینے کی کوشش کی، کون سی طاقت تھی اس ملک میں جو اس کو سزا دینے سے روکتی تھی؟
پی ٹی آئی رہنماء نے کہا کہ کراچی کے حالات آج سب کے سامنے ہیں۔ حق اور سچ کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیئے۔ 17 تاریخ کو ہونے والا الیکشن اس ملک کی حقیقی آزادی کی جدوجہد ہے۔ امریکا نے سازش کر کے ان چوروں کو ہمارے اوپر مسلط کیا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ میری حکومت تھی تو کہتے تھے بہت مہنگائی ہے۔ جیسے ہی یہ اقتدار میں آئے یہ لوگ مہنگائی کو بھول گئے۔ انہوں نے آتے ہی اپنے کرپشن کے کیسز ختم کیے۔ 1100 ارب روپے معاف کرائے۔ نیب میں ترمیم کر کے خود کو این آر او دیا۔ نواز شریف نے زرداری کے ساتھ مل کر ملک کو مقروض بنا دیا۔
انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز کا انڈے اور مرغی کا کاروبار ہے۔ حمزہ شہباز نے انڈے کی قیمت 36 فیصد بڑھا دی ہے۔ گھی 22 فیصد، پیٹرول 100 روپیہ لیٹر بڑھایا ہے۔ ڈیزل کی قیمت 130روپے بڑھا دی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کہتے ہیں عمران خان نے لوگوں کو بدتمیزی کرنا سکھا دیا ہے۔ یہ بدتمیزی نہیں، حقیقت ہے تم چور ہو۔ شہباز شریف برطانیہ کے سفیر کو کیک کھلا رہے ہیں۔ ضمنی الیکشن میں لوٹوں کو شکست دینی ہے۔