لاہور : سترہ جولائی کو جو الیکشن ہوا، اس میں پی ٹی آئی کی بیس سیٹوں پر الیکشن ہوا، جس میں سے انہوں نے پانچ سیٹوں پر شکست کھائی۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے ماڈل ٹاؤن لاہور میں پریس کانفرنس میں کہا کہ اداروں کو چاہئیے قانون کے مطابق اس کے خلاف کارروائی کریں، عمران خان کو جتنا کھلا چھوڑیں گے، اتنا حملہ آور ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ دماغی مریض شخص ملک میں سیاسی عدم استحکام چاہتا ہے، ملک کے ہر ادارے کو تباہ کرنا چاہتا ہے۔ ملک کو سری لنکا بنانا چاہتا ہے، ہٹلر مائنڈ سیٹ ہے، جو بیس سیٹوں پر الیکشن جیتنا چاہتا تھا، وگرنہ الیکشن کمیشن کو آگ لگانے کی باتیں کر رہا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ تین اپریل کو عمران خان نے ڈپٹی اسپیکر، اسپیکر اور صدر کے عہدے سے آئین شکنی کروائی۔ وہی شخص امپورٹڈ حکومت بیرون ملک سازش کا پرچہ لے کر سات مارچ کو ملا۔ پاگل شخص جب ملک کا وزیر اعظم تھا تو اس وقت جوڈیشل کمیشن کیوں نہ بنایا؟
وفاقی وزیر نے کہا کہ ریاستی اداروں پر منظمُ طریقے سے حملہ آور ہوتے ہیں، کیونکہ انہوں نے حکومت نہ بچائی۔ عمران خان نے عوام کو بھوکا کیا، معیشت کو تباہ کیا، داخلہ و خارجہ پالیسی کو خراب کیا۔ کبھی طیبہ گل کو اغواء کرکے چئیرمین نیب کو ویڈیو دکھا کر سیاسی مخالفین کے خلاف کیسز بنائے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ وہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان کو جاوید اقبال بنانا چاہتے ہیں، کیونکہ فارن فنڈنگ کا فیصلہ آنا ہے۔ فارن فنڈنگ سے ملک کو نقصان پہنچا، چیف الیکشن کمشنر کو چور دروازے سے ملنے کی کوشش کی۔ الیکشن کمشنر تو انہوں نے خود ہی لگایا تھا۔
انہوں نے کہا کہ آج الیکشن کمیشن تو کل چیف جسٹس کا استعفی مانگ لے گا۔ جو ادارہ اس کے خلاف بات کرے، تو وہ استعفیٰ دے، پارلیمان سوال کرے تو اسے تالہ لگا دو!
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں انتشار افراتفری اور ہر ادارے کو تباہ کرنا چاہتا ہے۔ ملک میں سیاسی عدم استحکام سے معاشی عدم استحکام ہو رہا ہے۔ اقتدار کی کرسی میں بیٹھ کر ملک کو بھوکا کیا، اداروں کا مفلوج کمزور کیا۔ ریاستی طاقت استعمال کرکے سیاسی مخالفین پر جھوٹے کیسز بنائے۔
لیگی رہنماء نے کہا کہ ڈسکہ الیکشن میں گولیاں چلوائیں۔ فارن فنڈنگ میں پارٹی کے نام پر چندہ میں ڈاکے ڈالے گئے۔ عمران خان کو جتنا کھلا چھوڑیں گے، اتنا حملہ آور ہوگا۔ اداروں کو چاہئیے قانون کے مطابق اس کے خلاف کارروائی کریں۔ فارن فنڈنگ کیس آٹھ سال کیوں تاخیر کا شکار ہوا؟
مریم اورنگزیب نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تم آر ٹی ایس کی پیداوار تھے، آئین شکن ہو۔ آئی ایم ایف کے معاہدے کی بات کرتے ہو، ایک ڈالر بھی پاکستان نہیں آیا۔ بارودی سرنگیں بچھائیں، جو گند ہم صاف کر رہے ہیں، آئی ایم ایف کا غلام عمران خان ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام کے لیکچر دیتا ہے، بچی کو تسلیم نہیں کرتا، دوسروں پر الزام لگاتا ہے۔ بشری بی بی کی کرپشن کی بات کرو خط اور غداری کا لقب دینے لگتا ہے۔ الیکشن کمشنر جاوید اقبال نہیں بنے گا، فارن فنڈنگ کا فیصلہ آئے گا، تم آئین شکن ہو فیصلہ سپریم کورٹ دے چکی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ فواد چودھری صاحب میرا وہ چہرہ نہیں، جو پانچ پانچ پارٹیوں کا ترجمان ہو۔ فواد چودھری کو کوئی شرم ہے نہ حیا ہے۔ کوئی ملک اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتا، جب تک سیاسی استحکام نہ ہو۔ کان کھول کر سن لو الیکشن تب ہوگا جب حکومت اور الیکشن کمیشن چاہے گی۔
لیگی رہنماء نے عمران خان کو مخاطب کیا کہ تم اقتدار بچانے کے لئے پاؤں پکڑتے رہے۔ اس لئے تم نے الیکشن نہیں کروایا۔ تم چاہتے ہو ملک کو اس نہج پر لے آؤں کہ خانہ جنگی ہو جائے۔ اداروں سے گزارش ہے کہ سائوکو فینس مریض ہے، جس کا دماغ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ن لیگ نے پانچ سیٹیں جیتی ہیں۔ مخصوص نشستوں پر چالیس فیصد ووٹوں میں اضافہ ہوا۔ اکثریت ن لیگ کے ساتھ ہے۔ پنجاب اور وفاق میں بھاری اکثریت ہے مشاورت کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بالکل مطمئن ہیں، ہر چیز کریں گے۔ جس سے ملک معاشی طور پر مضبوط ہوگا۔ آئی ایم ایف پروگرام کو معطلی سے بچایا، چینی، آٹا، گھی سستا کیا تو کورٹ پہنچ گیا۔ کوئی معاشی بحران سے نکال سکتا ہے تو ن لیگ و اتحادی جماعتیں ہیں۔ تھکے گا وہ شخص جس کی نیت بدنیتی پر مبنی ہو۔