لاہور: موجودہ چیف الیکشن کمشنر کے ہوتے ہوئے شفاف الیکشن نہیں ہوسکتے۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے موجودہ چیف الیکشن کمشنر کے ماتحت عام انتخابات لڑنے سے انکارکردیا۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے ویڈیو لنک کے ذریعے لاہور میں احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ چیف الیکشن کمشنر کی موجودگی میں ہم عام انتخابات نہیں لڑسکتے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا چاروں صوبوں میں ووٹ بینک ہے لیکن موجودہ چیف الیکشن کمشنر کے ہوتے ہوئے شفاف الیکشن نہیں ہوسکتے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنرسکندرسلطان نے ڈسکہ میں پورا الیکشن دوبارہ کرواکے ہمیں ہروادیا۔
عمران خان نے کہا کہ پی پی 7 سے متعلق الیکشن کمیشن گئے تو دوبارہ گنتی سے انکار کردیا جب سپریم کورٹ گئے تو الیکشن کمیشن کے فیصلے کومسترد کردیاگیا۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرادیے گئے کہتے ہیں بارش آرہی ہے چیف الیکشن کمشنرسکندر سلطان پی ٹی آئی کے خلاف کوئی موقع جانے نہیں دیتا ہے۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں خرید و فروخت کے خلاف سپریم کورٹ بھی گئے اس الیکشن میں تاریخی پیسہ چلا جتنا پیسہ آج تک نہیں چلایا گیا۔
عمران خان نے کہا کہ سینیٹ الیکشن سے قبل یوسف رضا گیلانی کے بیٹے کی خرید و فروخت کی فوٹیج آئی تب بھی الیکشن کمیشن خاموش رہا۔
پنجاب الیکشن صرف 12پارٹیوں کے خلاف نہیں لڑ رہے
انہوں نے کہا کہ پنجاب ضمنی انتخاب صرف ان 12 پارٹیوں کے خلاف نہیں لڑ رہے ہم انتظامیہ، سرکاری مشینری اورالیکشن کمیشن کے خلاف الیکشن لڑ رہے ہیں۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمیں الیکشن میں ہرانے کا انہوں نے ہر حربہ استعمال کیا میں نے کبھی اس قسم کا الیکشن کمیشن نہیں دیکھا۔