ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کے اعدا دو شمار جاری کردیے
اسلام آباد: ملک میں مہنگائی کی لہر بے قابو، کئی اشیاء مزید مہنگی ہوگئیں
ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 3.35 فیصد بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، مہنگائی کی شرح ہفتہ وار بنیادوں پر 42 فیصد سے بھی بڑھ گئی۔
حالیہ ہفتے کے دوران 25 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، ادارہ شماریات نے ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کے اعدا دو شمار جاری کردیے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ٹماٹر، پیاز، آلو، دالیں، چکن، فی درجن انڈوں کی قیمت میں اضافہ ہوا، ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 18 روپے سے زائد اضافہ ہوا، پیاز کی فی کلو قیمت میں 2 روپے، آلو کی فی کلو قیمت 65 پیسے کا اضافہ ہوا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ زندہ مرغی کی فی کلو قیمتوں میں 19 روپے سے زائد اضافہ ہوا، فی درجن انڈوں کی قیمت میں 3 روپے 34 پیسے کا اضافہ ہوا، دال ماش کی فی کلو قیمت میں ایک روپے کا اضافہ ریکارڈ ہوا، دال مونگ کی فی کلو قیمت میں 3 روپے کا اضافہ ہوا، 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 36 پیسے کا اضافہ ہوا۔
ادارہ شماریات کے مطابق حالیہ ہفتے کے دوران دہی، مٹن، خشک دودھ کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا۔
اس کے علاوہ 11 اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور 15 کی قیمتوں میں استحکام رہا، ڈھائی کلو گھی کا ٹن4 روپے 7 پیسے کم ہوا، دال کی فی کلو قیمت میں ایک روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی، دال مسور کی فی کلو قیمت میں ایک رپوے سے زائد کی کمی ہوئی۔