Featuredاسلام آباد
عدلیہ کو ایڈیشنل سیشن جج کو ملنے والی دھمکی کا از خود نوٹس لینا چاہیئے
اسلام آباد : عمران خان کو لگتا ہے سزا سے بچنے کا طریقہ کنٹینر سیاست کے ذریعے اداروں کی تذلیل کرنا ہے۔
وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے جاری بیان میں کہا کہ عمران خان ماضی کی طرح پولیس افسران اور خاتون جج کو جلسوں میں دھمکیاں دے رہے ہیں۔ عمران خان کی جانب سے ایڈیشنل سیشن جج زیبا چوہدری کا نام لے کر دھمکی دینا خواتین اور عدلیہ کی توہین ہے۔
انہوں نے کہا کہ عدلیہ کو ایڈیشنل سیشن جج کو ملنے والی دھمکی کا از خود نوٹس لینا چاہیئے، عمران خان کی جانب سے خاتون جج اور پولیس افسران کے خلاف لوگوں کو اکسانا قابل تشویش ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان فارن فنڈنگ اور توشا خانہ کیس میں سزا سے بچنے کیلئے دوبارہ کنٹینر سیاست کا سہارہ لے رہے ہیں۔ عمران خان کو ہمیشہ گالم گلوچ اور کنٹینر کی سیاست کے ثمرات ملے ہیں۔ گزشتہ کئی سالوں سے یہ اداروں اور شخصیات کی تذلیل کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ان کو لگتا ہے سزا سے بچنے اور اقتدار میں آنے کا واحد طریقہ کنٹینر پر کھڑے ہو کر اداروں اور لوگوں کی تذلیل کرنا ہے۔ 2014 میں کنٹینر پر کھڑے ہو کر انہوں نے اداروں، سیاسی مخالفین اور سرکاری شخصیات کے نام لے لیکر دھمکیاں دی۔
شیری رحمان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے 126 دن ملک کو یرغمال رکھا، سول نافرمانی کا اعلان کیا، بجلی کے بل جلانے، لوگوں کو جلائو گھیراؤ پر اکسایا۔ یہ سب کرنے کہ باوجود ان کو ملک پر مسلط کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنی سیاست بچانے کے لئے ایک بار پھر کنٹینر پر کھڑے ہوگئے ہیں۔ ہم ملک میں کنٹینر سیاست کی واپسی کی مذمت کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے مختلف علاقے خصوصی طور پر جنوبی پنجاب کے کئی شہر زیر سیلاب ہیں، لیکن عمران خان کے تحفظ کیلئے پنجاب حکومت بنی گالا کو وزیراعلی کا کیمپ آفس بنانے جا رہی ہے۔ کاش پنجاب حکومت صوبے میں سیلاب زدگان کے تحفظ کیلئے بھی اتنا ہی سرگرم ہوتی