وزیر اعظم کا خیبر پختونخوا کے متاثرہ علاقوں کیلئے 10 ارب روپے کا اعلان
پشاور : وزیر اعظم شہباز شریف نے خیبر پختونخوا کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا
وزیر اعظم نے سیلاب متاثرین سے ملاقات بھی کی اور انہیں حکومتی تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ شہباز شریف کا کہنا ہے کہ آخری متاثرہ شخص کی مکمل بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، خیبر پختونخوا میں متاثرہ علاقوں کیلئے 10 ارب روپے دیئے جائیں گے۔
شہباز شریف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کالام اور کانجو میں سیلاب متاثرین سے ملاقات کی۔ افواج پاکستان کے ہیلی کاپٹرز سیاحوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر رہے ہیں۔ کانجو سے سیاحوں کو بسوں کے ذریعے مینگورہ تک منتقل کیا جارہا ہے، کل تک تمام سیاحوں کا انخلاء ہوجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان کے ہیلی کاپٹرز روانہ کی بنیاد پر ریسکیو آپریشن کر رہے ہیں۔ آرمی سینٹر میں خواتین، بچے اور مرد موجود ہیں۔ غلط منصوبہ بندی کے تحت دریا کے راستے پر بننے والے ہوٹلز بہہ گئے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں مجموعی طور پر 3500 کلومیٹر کی شاہراہیں پانی میں بہہ گئیں۔ مدین، کالام، بحرین میں دریا کے ساتھ منسلک علاقوں میں بہت تباہی ہوئی۔ غلط پلاننگ کی وجہ سے آبی ریلے نے بہت تباہی مچائی۔ سیلاب کے باعث متاثرہ علاقوں میں بجلی کا نظام بری طرح متاثر ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ آخری متاثرہ شخص کی مکمل بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ ترکی، ایران اور متحدہ عرب امارات کے صدور نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ مختلف ممالک کی طرف سے امداد پہنچ رہی ہے۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات نے 50 ملین ڈالرز کے امدادی سامان کی پہلی کھیپ جاری کردی۔ تمام امداد کو شفاف طریقے سے متاثرین تک پہنچائیں گے۔
وزیر اعظم نے خیبر پختونخوا میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کیلئے 10 ارب روپے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت نے متاثرین کی فوری مدد کیلئے 28 ارب روپے مختص کیئے۔ بی آئی ایس پی کے ذریعے متاثرین کو 25 ہزار روپے نقد اور جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو وفاق 10 لاکھ روپے دے رہا ہے۔