مفتاح کے رونے سے معیشت ٹھیک نہیں ہوگی : شیخ رشید
اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری کا خطاب ایک بہانہ ہے، اصل میں نواز شریف کو منانا ہے
اسلام آباد : اگر دو مہینوں تک سیلابی پانی نہیں نکالا گیا، تو گندم، کپاس اور گنے کی بوائی نہیں ہو پائے گی، پھر کسان کیا کرے گا اور غذائی بحران پیدا ہوگا۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ مفتاح کے رونے سے معیشت ٹھیک نہیں ہوگی۔ اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری کا خطاب ایک بہانہ ہے، اصل میں نواز شریف کو منانا ہے۔
سماجی میڈیا پر جاری بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ن اور ش کی سیاست آر پار ہو جائے گی اور پی ڈی ڈیم الیکشن سے پہلے ٹوٹ جائے گی۔
سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اگر دو مہینوں تک سیلابی پانی نہیں نکالا گیا، تو گندم، کپاس اور گنے کی بوائی نہیں ہو پائے گی، پھر کسان کیا کرے گا اور غذائی بحران پیدا ہوگا۔ گندم کی قیمت دو ہزار سے چار ہزار من مقرر کرنا غریب کو گھاس کھانے پر مجبور کرنا ہے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سردیوں سے پہلے ہی گیس کی شارٹ فال شروع ہوگئی ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو بھی چندے کی ایمانداری کی یقین دہانی کرائی جارہی ہے۔ نہ کوئی غیر ملکی امداد ملی، نہ ملکی امداد کی ساکھ ہے۔ عمران خان کی ٹیلی تھون دکھانے پر بھی پابندی ہے۔