عمران خان جھوٹ اور فراڈ پر مبنی بیانیے پر سیاست کر رہا ہے: وزیر داخلہ
اسلام آباد : سازش کے جھوٹے بیانیے کی اصلیت آج قوم کے سامنے آچکی ہے۔
وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے عمران خان کی امریکی سائفر سے متعلق آڈیو لیک پر اپنے ردعمل میں کہا کہ عمران خان ملک دشمن ایجنڈے پر کار بند ہیں۔ وہ نوجوان نسل کو گمراہ اور قوم کو تقسم کرنا چاہتے ہیں۔ عمران خان جھوٹ اور فراڈ پر مبنی بیانیے پر سیاست کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قوم اس فتنے کی شناخت کرے۔ یہ فتنہ ملک کو کسی حادثے سے دو چار کرسکتا ہے۔ گزشتہ روز بھی عمران خان نے یونیورسٹی کے طلباء میں زہر گھولا۔ سازش کے جھوٹے بیانیے کی اصلیت آج قوم کے سامنے آچکی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سرکاری میٹنگز کو تبدیل کرکے جھوٹی کہانی گھڑنے کا معاملہ سامنے آگیا۔ تقریباً 6 ماہ سے جھوٹا انسان فراڈ کر رہا ہے۔ پونے 4 سال میں اس شخص نے ملک کی معیشت کو تباہ کیا، سیاسی کلچر کو تباہ کیا۔ پاکستان کو سفارتی سطح پر تنہاء کیا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ اسی وجہ سے بھارت نے کشمیر کی حیثیت تبدیل کرنے کی جرأت کی۔ ان حرکتوں کی وجہ سے ان کے اتحادی ان سے الگ ہوئے۔ اس شخص نے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔
رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ میں ان طلباء سے کہوں گا یہ مکروہ چہرہ ہے، جو آپ کو اس طرح سے ورغلا رہا تھا۔ پوری قوم کو اس کی اب شناخت ہونی چاہیے یہ قوم کو تقسیم کرنا چاہتا ہے۔