کابل کی ایک درسگاہ میں خودکش دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں 19 افراد جاں بحق ہو گئے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق کابل کے پولیس ترجمان خالد زادران کا بتانا ہے کہ جمعہ کی صبح کابل کی تعلیمی ادارے میں طالب علم امتحان دے رہے تھے کہ خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکا خیز مواد کی مدد سے اڑا دیا، ے دھماکے کے نتیجے میں 19 افراد جاں بحق اور 27 زخمی ہوئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دھماکا کابل کے مغربی علاقے دشت برچی کے علاقے میں ہوا جسے شیعہ ہزارہ برادری کا گڑھ سمجھا جاتا ہے۔
دھماکے کے بعد واقعے کی ویڈیو اور تصاویر سوشل میڈیا پر بھی شیئر کی جا رہی ہیں جبکہ افغان سکیورٹی فورسز نے دھماکے کی جگہ سے شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
دشت برچی کے علاقے میں سکولوں اور ہسپتالوں کو سلسلہ وار حملوں میں نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔
گذشتہ برس طالبان کے اقتدار میں واپس آنے سے پہلے دشت برچی میں لڑکیوں کے ایک سکول پر بم حملے میں کم از کم 85 افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہوئے، جن میں زیادہ تر طالبات شامل تھیں۔
طالبان کی وزارت داخلہ کے ترجمان نے اس دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سکیورٹی ٹیمیں جائے وقوعہ پر موجود ہیں۔