لاہور : پہلے مرحلے میں روہڑی تک بحال کی گئی 2 ٹرینوں کوکراچی تک چلانےکا فیصلہ کیا گیا ہے
پاکستان ریلویز کے اجلاس میں 2 اکتوبر سے مرحلہ وارکراچی تک مسافر ٹرینیں بحال کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی زیرصدارت ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس ہوا جس میں مرحلہ وار کراچی تک مسافر ٹرینیں بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیر ریلوے کا کہنا تھاکہ ریلوے نے فیصلہ مسافروں کی مشکلات کے پیش نظرکیا، پہلے مرحلے میں روہڑی تک بحال کی گئی 2 ٹرینوں کوکراچی تک چلانےکا فیصلہ کیا گیا ہے اور خیبرمیل اور رحمان بابا ایکسپریس 2 اکتوبر سے کراچی تک چلائی جائیں گی۔
سعد رفیق کا کہنا تھاکہ 5 اکتوبر سے قراقرم، کراچی، پاک بزنس ایکسپریس کوبھی بحال کرنےکا فیصلہ کیا گیا جبکہ لاہور اور کراچی کے درمیان چلنے والی ٹرینوں کا اوسط دورانیہ 22 گھنٹے رکھاگیاہےاور تمام ٹرینوں کواضافی کوچز کے ساتھ چلایا جائے گا۔
ان کا کہنا تھاکہ سفری دورانیے کا جائزہ 30 روز کے بعد دوبارہ لیا جائے گااور اسے بتدریج کم کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ ملک میں بدترین سیلاب کے بعد کراچی تک ریلوے آپریشن روک دیا گیا تھا۔