آج کی ویڈیو سے قوم کو رہنمائی ملی ، اس نے بیرونی سازش کا جھوٹا بیانیہ گھڑا
عمران خان کے ارادوں کا پتہ ہے، لانگ مارچ کرے پھر دیکھے ہم کرتے کیا ہیں
اسلام آباد : ایک سال سے تسلسل سے کہہ رہا ہوں کہ عمران خان فتنہ ہے ، اللہ کا کرم ہے کہ یہ فتنہ بے نقاب ہو رہا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے پریس کانفرنس میں کہا کہ آج کی ویڈیو سے قوم کو رہنمائی ملی۔ اس فتنے کا ادراک ہوجانا چاہیے۔ آج آڈیو لیک ہونے کے بعد رہی سہی کسر بھی پوری ہوگئی۔ جن دنوں تحریک عدم اعتماد لائی گئی یہ ان دنوں کی بات ہے۔ قوم بار بار سنے۔
وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ سائفر والا معاملہ بھی فراڈ تھا، عمران خان تو قوم کے ساتھ کھیل رہا تھا، چور ڈاکو کہنے والے کا کردار فرح گوگی ہے، ہمیں عمران خان کے ارادوں کا پتہ ہے۔
رانا ثناءاللہ نے کہا کہ ایک سال سے تسلسل سے کہہ رہا ہوں کہ عمران خان فتنہ ہے۔ اس فتنے کی شناخت کرنی چاہیے، ورنہ یہ قوم کو ناقابل تلافی نقصان پہنچائے گا۔ اللہ کا کرم ہے کہ یہ فتنہ بے نقاب ہو رہا ہے۔ قوم کا فرض ہے کہ اس فتنے کی شناخت کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ سائفر والا معاملہ بھی فراڈ تھا، عمران خان تو قوم کے ساتھ کھیل رہا تھا۔ اس نے بیرونی سازش کا جھوٹا بیانیہ گھڑا۔ اس حرکت کے بعد کون سے ملک سے سفیر سائفر بھیجے گا۔ پوری خارجہ پالیسی اور سفارتی آداب کا بیڑہ غرق کرکے رکھ دیا ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ بنانی مدینہ کی ریاست اور چلنی چالیں تھیں۔ لوگوں کو چور ڈاکو کہنے والے کا کردار فرح گوگی ہے۔ اس کی وزیر اعظم ہاؤس میں سیکیورٹی کلیئرنس تھی، جو ان کے گھر کی فرد تھی۔ فرح گوگی کے نام تمام اراضی عمران خان کی بے نامی اراضی ہے۔
رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان قوم کے ساتھ ایک کھیل کھیل رہا ہے۔ نوجوانوں سے حلف لے کر کہہ رہے ہیں کہ حقیقی آزادی کی جنگ لڑنی ہے۔ نوجوانوں کو گمراہ اور ناقابل تلافی نقصان پہنچا رہا ہے۔ ملک میں انتشار پھیلا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہزاد اکبر نے خزانے کو کروڑوں کا نقصان پہنچایا۔ شہزاد اکبر نہ جانے کدھر دوڑ گیا ہے۔ عمران کا ایجنڈا ہر قیمت، بے ایمانی اور ہر حربے سے اقتدار کا اصول ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حامد زمان خان اور سیف اللہ نیازی کو حراست میں لیا گیا ہے، وہ فارن فنڈنگ کیس میں پیش نہیں ہو رہے تھے۔ ضروری ہوا تو ضابطے کی کارروائی مکمل کرکے انہیں گرفتار کرلیا جائے گا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان لانگ مارچ کا اعلان کرے پھر دیکھے ہم کیا کرتے ہیں۔ ہمیں عمران خان کے ارادوں کا پتہ ہے اور ہم لانگ مارچ کو ہر صورت ناکام بنائیں گے، اس سے نمٹنے کے لیے سیکیورٹی فورسز تیار ہیں۔
رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ اگر پی ٹی آئی جمہوری اور قانونی طریقے سے احتجاج یا دھرنا دینا چاہتی ہے تو انہیں سہولت اور اجازت بھی دیں گے، لیکن اگر وہ اسلام آباد کی طرف چڑھائی کرنا چاہتے ہیں، تو ہم انہیں روکیں گے اور اس انداز میں روکیں گے کہ ان کے وہم و گمان میں بھی نہیں ہو گا۔