کراچی : عمران خان کی سمجھ نہیں آتی، اپنے پاؤں پر خود کلہاڑی مارتے ہیں، اپنی پارٹی کو ڈبوتے جارہے ہیں، ان کی حرکتیں بچگانہ ہیں۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے کابینہ کے ساتھ یادگار شہدا کارساز پر حاضری دی اور پھول چڑھائے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ سانحہ کارساز دہشت گردی کا بڑا واقعہ تھا۔ پہلا دھماکا ہوا تو کارکن بینظیر بھٹو کی حفاظت کیلئے بھاگے۔ دوسرے دھماکے میں کارکنوں کی شہادت ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ بی بی شہید کی بہادری کی مثال نہیں نہیں ملتی۔ شہید بی بی اور ذوالفقار بھٹو کا مشن آگے لے کر چلیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی عوامی حکومت کے قیام میں کامیاب ہوئی۔ سانحہ کارساز کے شواہد مٹادیے گئے جو ایک سازش تھی۔ ارباب رحیم اس وقت وزیراعلیٰ سندھ تھے،ان کے ساتھ جو ہوا سب نے دیکھا۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ عمران خان کی سمجھ نہیں آتی، اپنے پاؤں پر خود کلہاڑی مارتے ہیں۔ عمران خان اپنے ممبرز کو کم کر رہے ہیں، اس کی پارٹی کی کتنی سیٹیں کم ہوگئیں۔ عمران خان کے ساتھ کچھ عرصہ گزارا ہے، ان کی کم عقلی سے واقعات ہوتے ہیں۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کو کبھی مسٹر ایکس یا وائی تنگ کرتے ہیں، ان میں نام لینے کی ہمت نہیں۔ اپنی پارٹی کو ڈبوتے جارہے ہیں، ان کی حرکتیں بچگانہ ہیں۔ بطور وزیراعظم حلف لیا مگر ملک کا بیڑہ غرق کردیا۔