دوسروں کو چور کہنے والا خود کرپٹ پریکٹس میں مجرم قرار
عمران ضمنی انتخاب جیتے تو الیکشن کمیشن ٹھیک لیکن فیصلہ خلاف آئے تو الیکشن کمیشن غلط
اسلام آباد: عمران خان کو سیاست سے مائنس کرنے میں کسی کو دلچسپی نہیں ہے۔
وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان کا عمران خان کی نااہلی پر اپنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ عمران خان کی نااہلی ایک قانونی اور آئینی معاملے پر ہوئی ہے، تحریک انصاف اس کو الگ رنگ دینے کی کوشش نا کرے، عمران خان کوئی پہلے سیاستدان نہیں جو نااہل ہوئے ہیں، ماضی میں کئی سیاستدانوں کو نااہل کیا گیا ہے۔
شیری رحمان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف دوسروں کیلئے الگ اور اپنے لئے الگ قانون اور فیصلوں کا مطالبہ کر رہی ہے، تحریک انصاف کے ترجمان الیکشن کمیشن الزامات لگانے اور دھمکیاں دینے کے بجائے فیصلے کے قانونی پہلوؤں پر بات کریں، عمران خان ضمنی انتخاب جیتے تو الیکشن کمیشن ٹھیک ہے لیکن فیصلہ خلاف آئے تو الیکشن کمیشن کو غلط قرار دیا جاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے کبھی عدالتوں اور آئینی اداروں کے فیصلوں سے انحراف نہیں کیا، عمران خان خود کو ہر قانون اور ادارے سے بالا تر سمجھتے ہیں، لوگوں کو انتشار اور احتجاج پر اکسایا جا رہا ہے، عمران خان توشہ خانہ کے تحائف چھپانے کے جرم میں نااہل ہوئے ہیں، دوسروں کو چور کہنے والے خود کرپٹ پریکٹس میں مجرم قرار دیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کو سیاست سے مائنس کرنے میں کسی کو دلچسپی نہیں، عمران خان کیلئے مشورہ ہے کہ فیصلے پر نیا بیانیا بنانے کے بجائے کیس کی کارروائی کے دوران تلاشی دے دیں۔