توشہ خانہ ریفرنس کا تفصیلی فیصلہ جاری
اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے توشہ خانہ ریفرنس کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا ہے، تفصیلی فیصلے پر الیکشن کمیشن کے پانچوں ارکان کے دستخط موجود ہیں۔
الیکشن کمیشن کے تفصیلی فیصلے کے مطابق عمران خان کے مطابق تحائف 2 کروڑ 15 لاکھ 64 ہزار میں خریدے گئے، کابینہ ڈویژن کے مطابق تحائف کی مالیت 10 کروڑ 79 لاکھ 43 ہزار تھی، عمران خان کے بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات اسٹیٹ بینک سے منگوائی گئیں، 2018-19 کے اختتام پر عمران خان کے اکاؤنٹ میں 5 کروڑ 16 لاکھ روپے تھے، عمران خان کے اکاؤنٹ میں موجود رقم تحائف کی مالیت کی نصف تھی۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ عمران خان گوشواروں میں کیش، بینک تفصیل بتانے کے پابند تھے جو نہیں بتائی، عمران خان کے گوشوارے بینک ریکارڈ سے مطابقت نہیں رکھتے، عمران خان نے وضاحت نہیں دی کہ گوشواروں میں غلطی غیر ارادی تھی، عمران خان نے تسلیم کیا 2019-20 میں تحائف ظاہر کیے، عمران خان کے بقول تمام تفصیلات ٹیکس گوشواروں میں ظاہر کردہ ہیں۔
فیصلے کے مطابق الیکشن کمیشن اور ایف بی آر الگ الگ ادارے ہیں، عمران خان کو نااہل قرار دیا جاتا ہے، الیکشن کمیشن نے عمران خان کی قومی اسمبلی کی سیٹ خالی قرار دے دی ہے، عمران خان کو جھوٹی اسٹیٹمنٹ جمع کرانے پر نااہل قرار دیا گیا ہے، جھوٹی اسٹیٹمنٹ جمع کرانے پر عمران خان کیخلاف فواجداری کارروائی ہوگی۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کو آرٹیکل 63 ون پی کے تحت نااہل کیا گیا، 63 ون پی کے تحت نااہلی موجودہ رکنیت کے لیے ہے۔