کراچی : عمران خان! اپنی حد میں رہو، تمہیں کرسی کی ہوس ہے۔
وفاقی وزیر شازیہ مری نے کراچی میں پریس کانفرنس میں کہا کہ عمران نیازی کا مارشل لاء سے متعلق بیان خود غرضی کی انتہاء ہے۔ وہ پاکستان میں خونریزی دیکھنا چاہتا ہے، جمہوریت پسند نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے لیے ہم نے بہت قربانیاں دیں۔ ہم نے اس لیے قربانی نہیں دی کہ کوئی مارشل لا لگانے کا مطالبہ کرے۔ ان سے پوچھیں انہوں نے ملک میں مارشل لا لگانے کا بیان کیوں دیا؟ عمران خان سے پوچھا جائے خونی انقلاب کا مطلب کیا ہے؟
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان بتائیں رات کو کالا چشمہ کیوں پہنتے ہیں؟ ہمیں پتا ہے عمران خان رات کو کالا چشمہ کیوں پہنتے ہیں۔ عمران خان! اپنی حد میں رہو، تمہیں کرسی کی ہوس ہے۔
شازیہ مری کا کہنا تھا کہ عمران خان کو ہیلی کاپٹر میں گھومنے کی عادت لگ چکی ہے۔ انہیں صرف اقتدار چاہیے۔ 4 سال میں کیا کارنامے انجام دیئے وہ بتایئے۔