کراچی: وزیر خارجہ اور پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ عمران خان کی سیاست ایک تعیناتی کے گرد گھومتی ہے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ تعیناتی کے معاملے پر غیر ضروری سیاست کی جارہی ہے جبکہ اس کام کو آئین و قانون کے مطابق ہونا چاہیے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمیں یا ہمارے اتحادیوں کو جلسے میں کھڑے ہوکر اس قسم کے مطالبات نہیں کرنے چاہیں اور نہ ہی اپوزیشن میں سے کسی کو اس معاملے کو متنازع بنا کر سیاست کرنا چاہیے۔
واضح رہے کہ عمران خان متعدد بار اس بات کو دہرا چکے ہیں کہ چیف آف آرمی اسٹاف کی تعیناتی کے حوالے سے مشاورت کیلیے وزیراعظم شہباز شریف نے لندن میں نوازشریف سے ملاقاتیں کیں۔ وہ یہ بھی دعویٰ کرچکے ہیں کہ نوازشریف ایسا آرمی چیف لانا چاہتا ہے جو اُن کے چوری کے پیسوں پر ہاتھ نہ ڈالے۔