امریکی ٹیم نے فیفا کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی : ایران
فیفا ورلڈ کپ میں ایران ، امریکا کے درمیان کل منگل کو میچ ہوگا
دوحہ: ایرانی اعتراض پر امریکی ٹیم نے سوشل میڈیا پوسٹ کو ڈیلیٹ کرکے درست پرچم والی پوسٹس شیئر کردی
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان کل منگل کو میچ ہوگا۔ امریکی فٹ بال فیڈریشن نے اپنے انسٹاگرام پیج پر اس میچ کے حوالے سے پوسٹ کی جس میں ایرانی پرچم سے اللہ کا نشان ہٹادیا۔
ایرانی فٹبال فیڈریشن نے فیفا سے شکایت کرتے ہوئے امریکہ کو ورلڈ کپ سے نکالنے کا مطالبہ کردیا۔ ایران نے اسے غیر پیشہ وارانہ اقدام قرار دیتے ہوئے امریکی فٹبال فیڈریشن کے خلاف سنجیدہ کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق امریکی ٹیم نے فیفا کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی جس پر اس پر جرمانہ اور 10 میچوں کی پابندی لگاتے ہوئے ورلڈ کپ سے نکال دینا چاہیے۔
دوسری جانب امریکی ٹیم نے بتایا کہ اس نے یہ اقدام ایران میں بنیادی انسانی حقوق کی پامالی کیخلاف احتجاج کے طور پر اور خواتین مظاہرین سے اظہار یکجہتی کے لیے کیا۔
ایرانی اعتراض پر امریکی ٹیم نے اس سوشل میڈیا پوسٹ کو ہٹا کر ایران کے درست پرچم کے ساتھ نئی پوسٹ شیئر کردی اور کہا کہ وہ ہنوز ایرانی مظاہرین کی حمایت کرتے ہیں۔