پنڈی ٹیسٹ پہلے روز 506 رنز اسکور ، انگلش ٹیم نے اپنا 112 سالہ ریکارڈ توڑ دیا
راولپنڈی: انگلینڈ نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 233 رنز اسکور کیے، خراب روشنی کے باعث پہلے روز 75 اوورز کا کھیل ممکن ہوسکا
انگلینڈ ٹیم نے کسی بھی ٹیسٹ میچ کے پہلے روز سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ بنادیا۔
پاکستان کے خلاف سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے پہلے روز انگلینڈ نے 506 رنز اسکور کر کے اپنا 112 سالہ ریکارڈ توڑ دیا۔
پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز انگلینڈ نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 506 رنز بنا ڈالے۔
یہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں میچ کے پہلے ہی دن کسی ٹیم کی جانب سے بنایا گیا سب سے بڑا اسکور ہے۔
میچ میں انگلینڈ کے اوپنرز زیک کرولی اور بین ڈکٹ نے اپنی ٹیم کو جارحانہ آغاز فراہم کیا، دونوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 233 رنز اسکور کیے، بین ڈکٹ 107 جبکہ زیک کرولی 122 رنز بناکر نمایاں رہے۔
دیگر کھلاڑیوں میں اولی پوپ 108، جو روٹ 23 رنز بناکر نمایاں رہے جبکہ کپتان بین اسٹوکس 34 اور ہیری پروک 101 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔
اس سے قبل ٹیسٹ میچ کے پہلے ہی دن سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ آسٹریلیا کے پاس تھا۔
کینگروز نے 1910 میں جنوبی افریقہ کے خلاف سڈنی میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کے پہلے ہی روز 496 رنز بنائے تھے۔