ہم ہر صورت مدت پوری کریں گے : رانا ثناء اللہ
اسمبلیاں توڑنے سے قبل قومی اسمبلی سے استعفے، پارلیمنٹ لاجز خالی کریں، جو سہولتیں لے رہے ہیں وہ چھوڑیں
اسلام آباد: اسمبلیاں توڑنے کا عمل انتہائی غیر سیاسی ہے ، ہم ہر صورت مدت پوری کریں گے
وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم ہر صورت مدت پوری کریں گے، اسمبلیاں توڑنے سے قبل قومی اسمبلی سے استعفے دے کر پارلیمنٹ لاجز خالی کریں، جو پی ٹی آئی کے لوگ سہولتیں لے رہے ہیں وہ بھی چھوڑیں۔
وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان صوبائی اسمبلیوں کو توڑنے کی بات کرتا ہے پھر سینیٹ سے بھی استعفے دے اور صدر بھی مستعفی ہوں، اب پی ٹی آئی کی طرف سے 20 دسمبر کو اسمبلیاں توڑنے کی بات سامنے آئی ہے، بیس دن کی تاخیر کیوں تاخیر کی جارہی ہے؟ اس شخص کی پالیسی صرف اور صرف ملک کو عدم استحکام کی طرف لے جانا ہے کیوں کہ اسمبلیاں توڑنے کا عمل انتہائی غیر سیاسی ہے۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اسمبلیاں تحلیل ہوئیں تو آئین پر عمل ہوگا، اگر ضمنی الیکشن موخر ہوسکتے ہیں عام انتخابات تک تو موخر ہوجائیں گے لیکن اگر 90 روز میں ہونے ہیں تو ہوں گے، اور ہم الیکشن لڑنے کیلئے تیار ہیں۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان ملک کو عدم استحکام کی طرف لے جانے کی کوشش کر رہا ہے، عمران خان نے توشہ خانے سے گھڑیاں چوری کیں اور باہر ملک میں فروخت کردیں، عمران خان نے کرپشن کی گھٹیا ترین روایت قائم کی، عمران خان کو 26 نومبر کو راولپنڈی میں تاریخی ناکامی ہوئی، عمران خان نے اسلام آباد چڑھائی کا دعویٰ کیا لیکن ہمت نہیں ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری مسلح افواج اور ادارے دہشت گردوں سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں، صوبائی حکومتوں کو چاہئے کہ امن و امان کے قیام کے لئے سنجیدہ لائحہ عمل اختیار کریں۔