لاہور: گورنر پنجاب کی جانب سے اسپیکر کی رولنگ مسترد کرنے سلسلے میں مراسلہ بھی جاری کردیا ہے۔
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن نے اسپیکر سبطین خان کی رولنگ کے جواب میں 3 صفحات پر مشتمل جواب دیا جس میں گورنر کی جانب سے اسپیکر کی کل کی رولنگ کو غیر آئینی اور غیر قانونی قرار دیا گیا ہے۔
بلیغ الرحمٰن نے اسپیکر پنجاب اسمبلی کی رولنگ کا جواب دیتے ہوئے آرٹیکل 130 کی شق 7 کے تحت حکم نامہ جاری کردیا۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ آپ نے آئین کے تحت حلف اٹھایا ہے آپ اس سے انحراف نہیں کرسکتے جب کہ آئین کا دفاع اور قانون کی پاسداری اسپیکر کی ذمہ داری ہے۔
بلیغ الرحمٰن نے کہا کہ اسپیکر آئینی ذمہ داری کی ادائیگی کیلئے ذاتی پسند کو ملحوظ خاطر نہ رکھیں کیوں کہ آئین کے مطابق اسپیکر، ایمانداری اور غیر جانبداری سے آئینی ذمہ داریاں ادا کرنے کے پابند ہیں۔