سونے کی فی تولہ قیمت میں 3300 روپے کا ہوشربا اضافہ ہوا، اور سونے کی نئی قیمت میں ایک بار پھر تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دیئے۔
بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی، لیکن پاکستانی صرافہ مارکیٹوں میں نئے سال کے پہلے کاروباری دن میں سونے کی قیمت نے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دیئے۔
پیر کے روز مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونےکی فی تولہ اور دس گرام قیمت میں بالترتیب 3300 روپے اور 2829 روپے کا ہوشربا اضافہ ہوا، اور سونے کی نئی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔
قیمتوں میں اضافے کے نتیجے میں کراچی، حیدرآباد، ملتان، لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں سونےکی فی تولہ قیمت ایک لاکھ 87 ہزار 200 روپے جب کہ دس گرام سونےکی قیمت ایک لاکھ 60 ہزار 494 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔
مقامی صرافہ مارکیٹوں میں چاندی کی فی تولہ قیمت 30 روپے کے اضافے کے بعد 2100 روپے جب کہ دس گرام چاندی 25 روپے 71 پیسے کے اضافے کے ساتھ ایک ہزار 800 روپے 41 پیسے کی سطح پر آگئی۔