Featuredاسلام آباد
بدترین معاشی صورتحال میں کاروبار کو بند کرنا کسی صورت ممکن نہیں
حکومت نے زبردستی دکانیں بند کرانے کی کوشش کی تو مزاحمت ہوگی
اسلام آباد: تاجروں نے وفاقی حکومت کا رات 8 بجے دکانیں اور 10 بجے شادی ہالز بند کرنے کا فیصلہ مسترد کردیا۔
صدر تاجران پاکستان کاشف چودھری کا اپنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ رات 8 بجے دکانیں، 10 بجے شادی ہال بند کرنے کے فیصلہ کو مسترد کرتے ہیں، بدترین معاشی صورتحال میں کاروبار کو بند کرنا کسی صورت ممکن نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے ان نمائشی اقدامات سے توانائی کی بچت ممکن نہیں، حکومت نے زبردستی دکانیں بند کرانے کی کوشش کی تو مزاحمت ہوگی۔
صدر تاجران پاکستان کا کہنا تھا کہ حکومت اگر توانائی بچت میں سنجیدہ ہے تو سرکاری سطح پر بجلی کے ضیاع کو روکے، تاجر اپنے کاروبارپر بجلی کا استعمال کم کر دیں گے مگر کاروبار بند نہیں کریں گے۔
خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے توانائی بچت پروگرام کے تحت ملک بھر میں شادی ہالز رات 10 اور مارکیٹیں ساڑھے 8 بجے بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔