Featuredکھیل و ثقافت

ٹینس کی عظیم امریکی کھلاڑی مارٹینا نیوراتیلووا کینسر میں مبتلا

دنیا کی عظیم ترین خاتون ٹینس کھلاڑیوں میں سے ایک مارٹینا نیوراتیلووا کا کہنا ہے کہ ان کے گلے اور ایک بار پھر سے چھاتی میں کینسر کی تشخیص ہوئی ہے۔

پیر کے روز جاری اپنے بیان میں ٹینس اسٹار نے کہا کہ صورتحال بہت زیادہ خراب نہیں ہے اور وہ اسی ماہ سے اس کا علاج شروع کریں گی۔

چیک نژاد امریکی ٹینس اسٹار 66 سالہ مارٹینا نیوراتیلووا نے کہا کہ یہ دوہری پریشانی سنگین ہے لیکن پھر بھی اسے درست کیا جاسکتا ہے اور میں ایک مثبت نتیجے کی امید کر رہی ہوں۔

ان کا مزید کہنا تھا ایک حد تک یہ مشکل ضرور ہے لیکن میرے پاس جو کچھ بھی ہے میں اس کی مدد سے اس سے لڑوں گی۔

نومبر 2022ء کے اوائل میں ڈبلیو ٹی اے فائنل کے دوران گلے میں کینسر کا پتہ اس وقت چلا تھا، جب نیوراتیلووا کو اپنی گردن میں سوجن محسوس ہوئی اور وہ نیچے نہیں جھک پارہی تھیں، پھر اس کی بائیوپسی کی گئی تو حقیقت سامنے آئی۔

اس سے قبل 2010ء میں مارٹینا نیوراتیلووا نے چھاتی کے کینسر کا علاج کروایا تھا، جس کے بعد انہیں کینسر سے پوری طرح پاک قرار دیا گیا تھا۔

اسٹار کھلاڑی نے پہلے 1994ء میں ٹینس سے ریٹائر ہونے کا اعلان کردیا تھا، تاہم بعد میں 2000ء میں ڈبلز کھیلنے کیلئے وہ واپس میدان میں آئیں اور اس کے بعد کبھی کبھی سنگلز مقابلوں میں بھی حصہ لیا۔

مارٹینا نیوراتیلووا نے مجموعی طور پر 59 گرینڈ سلیم ٹائٹل جیتے، جن میں خواتین کے ڈبلز میں 31 اور مکسڈ ڈبلز میں 10 اعزازات بھی شامل ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے ٹیلیویژن پر بطور تجزیہ کار کے بھی کام کیا تھا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close