Featuredاسلام آباد

ملک میں سیلاب سے تباہ کاریوں کا حجم بہت بڑا ہے: بلاول بھٹو

جنیوا: وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ پاکستان کا بیشتر حصہ تاحال سیلاب میں ڈوبا ہوا ہے، ملک میں سیلاب سے تباہ کاریوں کا حجم بہت بڑا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جنیوا میں منعقدہ ریزیلینٹ پاکستان کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں ریلیف اور بحالی کا کام جاری ہے، آج اقوام عالم تاریخی تباہی کا سامنا کرنے والے پاکستان سے یکجہتی کے لیے جمع ہوئے ہیں۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ متاثرہ لوگوں کی بحالی ہماری اولین ترجیح ہے، ورلڈ بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک اور یورپی یونین کے سامنے جامع لائحہ عمل پیش کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ آنے والی قدرتی آفات سے بچنے کے لیے پاکستان نےفریم ورک بنایا ہے، سیلاب متاثرین کی بحالی کا آدھا کام پاکستان اپنے وسائل سے کرے گا۔ یہ کانفرنس عالمی برادری کے ساتھ طویل المدتی شراکت داری ہے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پاکستان کا بیشتر حصہ تاحال سیلاب میں ڈوبا ہوا ہے، پاکستان میں سیلاب سے 3 کروڑ 30 لاکھ لوگ متاثر ہوئے، ملک میں ہر 7 میں سے ایک شخص سیلاب سے متاثر ہوا ہے، سیلاب سے تباہ کاریوں کا حجم بہت بڑا ہے۔

خیال رہے کہ ریزیلینٹ پاکستان ڈونرز کانفرنس کی میزبانی پاکستان اور اقوام متحدہ کر رہے ہیں۔

کانفرنس میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سمیت مختلف ممالک کے سربراہان، وزرا، اعلیٰ نمائندے، عالمی مالیاتی ادارے، فاؤنڈیشنز، بین الاقوامی ترقیاتی تنظیمیں اور نجی شعبوں، سول سوسائٹی اور آئی این جی اوز کے نمائندے شریک ہیں۔

ڈونرز کانفرنس کا مقصد پاکستان میں سیلاب متاثرین کی بحالی اور تعمیر نو ہے، کانفرنس میں موسمیاتی تبدیلیوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا جبکہ پاکستان تعمیر نو اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کا فریم ورک پیش کرے گا۔

کانفرنس میں بین الاقوامی تعاون اور طویل المدتی شراکت داری کی اہمیت پر زور دیا جائے گا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close