کم کارڈیشین نے لیڈی ڈیانا کا مہنگا ترین لاکٹ خرید لیا
اس لاکٹ کو 1920ء کی دہائی میں برطانوی جیولر گارارڈ نے بنایا تھا
معروف امریکی ریئلٹی ٹی وی اسٹار کم کارڈیشین نے لیڈی ڈیانا کا مہنگا ترین لاکٹ خرید لیا۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، امریکی رئیلٹی ٹیلی ویژن اسٹار کم کارڈیشین نے نیلامی سے عطااللہ کراس(Attallah Cross) خریدا ہے، ایمےتھسٹ اور ہیرے سے بنے اس لاکٹ کو لیڈی ڈیانا نے کئی اہم موقعوں پر پہنا تھا۔
امریکی ٹی وی اسٹار کے ترجمان نے اس لاکٹ کو قیمتی اشیاء کی نیلامی کرنے والی کمپنی سوتھبی کی جانب سے کی گئی حالیہ نیلامی سے خریدا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس لاکٹ کو 1920ء کی دہائی میں برطانوی جیولر گارارڈ نے بنایا تھا جوکہ بدھ کے روز لندن میں نیلام گھر کی’رائل اینڈ نوبل‘ کی فروخت کے دوران 163,800 پاؤنڈز یعنی 202,300 ڈالزر میں فروخت ہوا۔
اس حوالے سے سوتھبی کمپنی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ لیڈی ڈیانا کے پہنے ہوئے زیورات بہت کم مارکیٹ میں آتے ہیں، خاص طور پر یہ لاکٹ عطااللہ کراس جوکہ ابھی فروخت ہوا ہے، یہ بہت رنگین، خوبصورت اور خاص ہے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ ’کسی حد تک، یہ غیر معمولی لاکٹ شہزادی کی اپنی زندگی اور جیولری کے انتخاب میں خود اعتمادی کی علامت ہے‘۔
یاد رہے کہ کم کارڈیشین کی جانب سے خریدا گیا شہزادی ڈیانا کا یہ لاکٹ فیشن کی تاریخ کی پہلی قیمتی چیز نہیں ہے۔
اس سے قبل اُنہوں نے میٹ گالا میں ہیروں سے جڑا ہوا ایک لباس پہنا تھا جوکہ ہالی ووڈ کی سب سے پہلی سپر اسٹار مارلن منرو نے 1962ء میں اس وقت کے صدر جان ایف کینیڈی کی سالگرہ کے موقع پر پہنا تھا۔