مسلم لیگ نون کے رہنما عابد شیر علی کا کہنا ہے کہ عمران خان کی نااہلی دیوار پر لکھی ہوئی نظر آرہی ہے صوبے مقروض بنا کر وہ اسمبلیوں سے نکلے ہیں پہلے احتساب ہوگا پھر انتخاب ہو گا۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ پنجاب کے لوگوں کی چوروں سے جان چھوٹ گئی ہے، پنجاب کے وسائل کو عمران نیازی کی ذاتی تشہیر کے لئے استعمال کیا گیا، جس سے صوبہ مالی طور پر مقروض ہوگیا ہے۔
عابد شیرعلی نے کہا کہ یہ دیوار پر لکھا ہوا نظر آرہا ہے کہ عمران خان کونااہلی سے کوئی نہیں بچا سکتا، اس کی چوری اور ڈاکے اتنے سنگین ہیں کہ اس نے ہر چیز میں مس ڈیکلیریشن دی ہوئی ہے، اس نے اب قانون طور پر آوٹ ہونا ہے۔
رہنما ن لیگ کا کہنا تھا کہ ہم سیاسی طور پر نہ تو پہلے گھبرائیں ہیں نہ ہی اب، ہم نے کوئی گن پوائنٹ پر صوبہ نہیں لیا، بلکہ انہوں نے خود ہی اپنے پاؤں پر کلہاڑی ماری ہے۔
عابد شیرعلی نے کہا کہ عمران خان اور اس کی ٹیم نے جو دو صوبوں کا حال کردیا ہے، ان معاملات سے نکلنے کے لئے وہ اسمبلی سے نکلے ہیں، دونوں صوبوں کو مقروض بنادیا گیا ہے، اب یوم حساب آیا ہے، پہلے احتساب ہو گا پھر انتخاب ہو گا۔
عابد شیر علی نے مزید کہا کہ لوگ پاکستان کے نواز شریف سے پیار کرتے ہیں، اور مریم نواز نواز شریف کا بیانہ اور ان کی تصویر ہیں۔