اسپیکر قومی اسمبلی نے تحریک انصاف کے مزید 43 ارکان کے استعفے منظور کرلیے
اسپیکر قومی اسمبلی نے تحریک انصاف کےمزید 43 ارکان قومی اسمبلی کے استعفے منظور کرلیے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے 17 اور 20 جنوری کو تحریک انصاف کے 69 ارکان اور عوامی مسلم لیگ کے شیخ رشید احمد کا استعفیٰ منظور کیا تھا۔
استعفوں کی منظوری کے بعد گزشتہ روز تحریک انصاف نے اسپیکر کو بذریعہ ای میل اپنے 45 ارکان اسمبلی کے استعفے واپس لینے کا بتادیا تھا۔
اس کے علاوہ گزشتہ روز ہی پی ٹی آئی اراکینِ قومی اسمبلی نے الیکشن کمیشن میں درخواست جمع کرائی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ اسپیکر اور قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کو استعفے واپس لینے کا بتا دیا گیا ہے،اسپیکر اگر استعفے منظور کرتے ہیں تو ہمیں ڈی نوٹیفائی نہ کیا جائے ۔
تاہم آج (منگل 24 جنوری) اسپیکر قومی اسمبلی نے نے مزید 43 استعفے منظور کرلیے ہیں جب کہ 2 ارکان کے استعفے چھٹی کی درخواست کی وجہ سے منظور نہیں کئے گئے۔
اسمبلی سیکریٹریٹ کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کےمستعفی ارکان کوکئی مرتبہ تصدیق کیلئے بلایا گیا، جس کے بعد ان کے استعفے منظوری کے بعد الیکشن کمیشن کو بھجوادیے گئے ہیں۔